کشمیری نوجوان دہشت پسند تنظیم داعش کے حق میں نعرے نہ لگائیں: سید علی گیلانی کی اپیل

سری نگر: بزرگ علیحدگی پسند راہنما اور حریت کانفرنس (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری نوجوانوں سے نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بین الاقوامی شدت پسند تنظیم داعش کے حق میں کسی بھی قسم کی نعرے بازی سے اجتناب کرنے کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد ایک مقدس جدوجہد ہے جس کا بین الاقوامی سطح پر سرگرم شدت پسند تنظیموں بشمول داعش سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مسٹر گیلانی نے عیدالفطر کے موقعے پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے ’میں نوجوانوں سے خاص طور پر عرض کروں گا کہ میں سال 2010 ءسے گھر کی چاردیواری میں محصور ہوں جس کے باعث سے آپ تک نہیں پہنچ پارہا ہوں۔ میں آپ تک اپنے خیالات پہنچانے میں بالکل معذور بنادیا گیا ہوں، لیکن مجھے یہ اطلاعات پہنچتی ہیں کہ ہمارے نوجوان ایسے نعرے بھی دیتے ہیں جو نعرے ہماری جدوجہد کے ساتھ کوئی مطابقت نہیں رکھتے ہیں۔ جیسے داعش کے نعرے دیتے ہیں۔ اور عالمی سطح پر جو گروپ کام کررہے ہیں ان کے نعرے دیے جاتے ہیں، میں درمندانہ اپیل کروں گا کہ ان کے نعرے وہ نہ دیں۔
وہ ہمارے لئے کسی بھی حیثیت سے کوئی مطابقت نہیں رکھتے ہیں۔ ہماری جدوجہد صرف اور صرف مقدس جدوجہد ہے۔ ہماری رہنمائی کے لئے ہمارے پاس صرف قرآن اور رسول پاک (ص) کا اسوہ حسنہ ہے‘۔ خیال رہے کہ حریت چیئرمین اپنا بیانات میں متعدد مرتبہ داعش کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں۔ انہوں نے جنوری 2016 کے اوائل میں جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ داعش، تحریک طالبان پاکستان اور اس طرح کی دیگر تنظیمیں اسلام کی نمائندگی نہیں کرتی ہیں۔ مسٹر گیلانی نے اپنے بیان میں کہا تھا ’داعش وہ دہشت گرد تنظیم ہے جو معصوم لوگوں کو قتل کرتی ہے۔ داعش اور اس طرح کی دیگر تنظیموں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
.حریت چیئرمین نے عیدالفطر کے موقعے پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کشمیری نوجوانوں سے نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے ’ہمیں اپنے اندر اتحاد پیدا کرنا چاہیے۔عوام کو قیادت اور قیادت کو عوام پر اعتماد ہونا چاہیے۔ جب تک ہم اپنے اندر نظم و ضبط قائم نہیں کریں گے اور اتحاد و فرمانبرداری کا جذبہ پیدا نہیں کریں گے تو ہماری جدوجہد کے نتائج سامنے آنا بہت مشکل ہے۔ میری دردمندانہ اپیل ہے کہ نوجوانوں کو بالخصوص نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اپنے اندر اسلامی کردار پیدا کرنا چاہیے۔ اور سب سے زیادہ انسانیت کا احترام ہو اور انسانی زندگیوں کا احترام ہو‘۔ مسٹر گیلانی نے کہا ہے کہ وادی میں خون خرابے کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ انہوں نے کہا ’ہم کسی بھی انسان کے مرجانے پر خوش نہیں ہوتے ہیں۔ بلکہ جو بھی یہاں مرتا ہے چاہیے وہ ہندوستان کا فوجی ہو یا ہمارے جوان۔ یا پولیس کا اہلکار ہو۔ ہمیں اس پر بہت دکھ پہنچتا ہے ‘۔ حریت چیئرمین نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے ’ہماری جدوجہد حقائق پر مبنی ہے۔ ہندوستان نے کشمیری عوام کے ساتھ وعدے کئے ہیں۔ اقوام متحدہ میں جو 18 سے زیادہ قراردادیں منظور کی جاچکی ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقعہ دیا جائے۔ اور جو عوام کا فیصلہ ہوگا وہ ہر حال میں ہم سب کے لئے قابل قبول ہونا چاہیے‘۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Syed ali gilani appeals kashmiri youths not to raise pro is slogans in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply