سید علی شاہ گیلانی اور میرواعظ فاروق سری نگر میں گرفتار

سری نگر: وادی کشمیر میں بدھ کو حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہان سید علی گیلانی اور میرواعظ مولوی عمر فاروق کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب انہوں نے اپنی خانہ نظربندی توڑتے ہوئے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے ڈاؤن ٹاون میں واقع مزار شہداکی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔
خیال رہے کہ حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہوں اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے حزب المجاہدین کے اعلیٰ ترین کمانڈر برہان وانی اور اس کے ساتھیوں کی موت کو 13جولائی 1931کے شہداکا تسلسل قرار دیتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ 13جولائی کو یوم تجدید عہد کے طور منایا جائے گا ۔
حریت کانفرنس (گ) کے ایک ترجمان نے کہا کہ مسٹر گیلانی آج مجوزہ پروگرام میں، جس میں 13جولائی 1931کے شہدا، برہان وانی اور دیگر شہدائے کشمیر کے حوالے سے مزارِ شہدا نقشبند صاحب پر ایک عظیم الشان جلسہ منعقد ہونے والا تھا ، شرکت کی غرض سے جونہی اپنے دیگر ساتھیوںکے ہمراہ، جن میں ان کے پرسنل سیکریٹری پیر سیف اللہ، معاون سیکریٹری آفس عبدالحمید ماگرے، سیکریٹری لیگل ایڈ محمد سعید، سید امتیاز حیدر، نثار احمد بٹ، ارشد احمد وانی، محمد عمر، الطاف احمد، ظہور احمد بیگ، فیاض احمداور دیگر کارکنان شامل تھے باہر نکلے پولیس نے انہیں ائیرپورٹ روڑ پر گرفتار کرکے ہمہامہ پولیس تھانے میں بند کردیا۔
حریت کانفرنس (ع) کے ترجمان نے کہا کہ میرواعظ جنہیں مسلسل 5 روز سے اپنی رہائش گاہ میں نظر بند رکھا گیا تھا، نظربندی اور پولیس گھراؤ کو ٹوڑنے کی کوشش کی فورسز اور پولیس کے ساتھ شدید مزاحمت کے بعد مکان کے گیٹ کے اوپر سے اپنے چند حامیوں کے ہمراہ اسلام اور آزادی ، سرکاری دہشت گردی بندکرو، کشمیریوں کا قتل عام بند کرو، ریاستی دہشت گردی بند کرو اور ہم کیا چاہتے آزادی کے نعروں کے بیچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جنہیں موقعے پر موجود پولیس اور فورسز کی بھاری جمعیت گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر لے گئی۔
گرفتاری کے دوران میرواعظ نے حالیہ کاروائیوں کے نتیجے میں تین درجن سے زیادہ نہتے کشمیریوں کو ہلاک کرنے ، سینکڑوں افراد کو شدید زخمی اور ناکارہ بنادینے کے دلخراش واقعات پر سخت برہمی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی دہشت گری اور ظلم و بربریت کی ایک بار پھر شدید مذمت کی اور اس طرح کے ظلم وتشدد اور قتل و غارت گیری کو ناقابل برداشت قرار دیا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Syed ali geelani mirwaiz arrested in srinagar in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply