حزب المجاہدین کے دو انتہاپسندوں کی ہلاکت کے خلاف ترال میں چوتھے روز بھی ہڑتال رہی

سری نگر:جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال میں حزب المجاہدین (ایچ ایم) سے وابستہ دو جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف بدھ کو مسلسل چوتھے دن بھی غیراعلانیہ ہڑتال رہی۔ جھڑپ کے دوران جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کا ایک کانسٹیبل ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت 5 سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ ضلع پلوامہ کے ترال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آج چوتھے دن بھی دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت جزوی طور پر معطل رہی۔
سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں متاثر رہیں۔ تاہم جنوبی کشمیر کے دوسرے حصوں میں روزمرہ کی زندگی معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے بعض علاقوں بالخصوص ترال میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات رکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ترال کے ہفو نازنین پورہ میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کو ہونے والی ایک جھڑپ میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے۔ مارے گئے جنگجوؤں میں سے ایک پاکستانی شہری جبکہ دوسرے کی شناخت حزب المجاہدین کمانڈر عاقب عرف مولوی ساکنہ ترال کے بطور کی گئی تھی۔ جھڑپ میں جاں بحق ہونے والا پولیس کانسٹیبل منظور احمد ضلع بارہمولہ کے اوڑی کا رہنے والا تھا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Strike continues in tral for 4th day in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply