لشکر طیبہ کے تین انتہا پسندوں کی ہلاکت کے خلاف ننت ناگ میں مکمل ہڑتال

سری نگر:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں لشکر طیبہ سے وابستہ تین مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف منگل کے روز مکمل ہڑتال کی گئی جس سے نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گئی۔ ضلع بھر میں منگل کو انتظامیہ کے احکامات پر تمام تعلیمی ادارے بند رہے۔ اس کے علاوہ موبائیل انٹرنیٹ خدمات بھی معطل رہی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع بھر میں جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی معمول کا کام کاج متاثر رہاکیونکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے بیشتر ملازمین اپنے دفاتر و پہنچ نہیں پائے۔
ہڑتال کے دوران ضلع اننت ناگ کے چند ایک مقامات بشمول مومن آباد اور دیالگام سے احتجاجیوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع میں امن وامان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں آج مجسٹریٹ کے احکامات پر تعطیل رہی۔ اس کے علاوہ ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بھی معطل کردی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تعلیمی اداروں اور موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو بند رکھنے کے اقدامات احتیاطی طور پر اٹھائے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ ضلع اننت ناگ کے بلبل نوگام علاقہ میں گذشتہ رات ہونے والے ایک مختصر مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔
مہلوک جنگجوؤں کی شناخت شوکت لوہار ساکنہ آرونی، مظفر حجام ساکنہ ککر ناگ اور نصیر احمد ساکنہ پہرو کے بطور کی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے مسلح تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ’ایک گاڑی میں سفر کررہے جنگجوؤں کو گذشتہ رات براکہ پورہ بلبل نوگام اور دیالگام کے درمیان بٹھائے گئے ایک ناکے پر تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا، لیکن جنگجوؤں نے فائرنگ شروع کی‘۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور پانچ منٹ تک جاری رہنے والی فائرنگ میں تین جنگجو مارے گئے۔ اس دوران ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’سیکورٹی فورسز کی مشترکہ ٹیم نے اننت ناگ میں ایک چانس انکاونٹر کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا‘۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Strike affects life in anantnag educational institutions closed in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply