کشمیر میں مظاہرین پرسیکو رٹی فورسز کی فائرنگ میں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد کشیدگی

سری نگر:حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر محمد یاسین ایتو عرف محمود غزنوی سمیت تین انتہاپسندوں کی ہلاکت کے خلاف جنوبی کشمیر کے مختلف حصوں میں اتوار کے روز بھڑک اٹھنے والے شدید احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں دو عام نوجوانوں کی ہلاکت اور درجنوں دیگر کے زخمی ہونے کے بعد وادی کے مختلف حصوں میں فضا میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ انتظامیہ نے حالات کو مزید ابتر ہونے سے بچانے کے لئے پورے کشمیر کے تعلیمی اداروں میں پیر کو تعطیل کا اعلان کر دیاجبکہ جنوبی کشمیر کے بیشتر حصوں اور وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئیں
۔ ضلع انتظامیہ سری نگر نے پائین شہر کے بیشتر حصوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کیں اور ریلوے حکام نے سول و پولیس انتظامیہ کی ایڈوائزری پر پورے کشمیر میں ریل خدمات معطل کردیں۔ خیال رہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے آونیورہ زین پورہ نامی گاؤں میں 12 اگست کی شام کو شروع ہونے والا مسلح تصادم 13 اگست کی صبح حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر یاسین ایتو عرف محمود غزنوی ساکنہ ناگام چاڈورہ بڈگام کے سمیت 3 انتہاپسندوںکی ہلاکت کے ساتھختم ہوگیا۔
مسلح تصادم کے دوران فوج کے دو اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔ رپورٹوں کے مطابق وادی کے مختلف حصوں بالخصوص جنوبی کشمیر کے تین اضلاع شوپیان، پلوامہ اور کولگام میں احتجاجیوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین بڑے پیمانے پر جھڑپیں ہوئیں جن میں دو نوجوان ہلاک جبکہ تین درجن دیگر زخمی ہوگئے۔ مہلوک نوجوان کی شناخت اویس احمد ڈار ولد محمد شفیع ڈار ساکنہ کاکہ پورہ پلوامہ اور محمد سعید بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکنہ زین پورہ شوپیان کے بطور ہوئی ہے۔ اویس احمد پیلٹ جبکہ محمد سعید گولی لگنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Srinagar ganderbal colleges two schools to remain closed on monday in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply