کشمیر:کرفیو اٹھاتے ہی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز میں زبردست تصادم، متعدد زخمی

سری نگر: سری نگر کے ڈاون ٹاون، شہرخاص اور سیول لائنز کے مائسمہ سے جمعرات کو کرفیو ہٹائے جانے کے بعد احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپیں بھڑک اٹھیں جن میں متعدد عام شہریوں اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کرفیو کے ہٹنے کے بعد ڈاون ٹاون اور شہرخاص کے کئی علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ تاہم جب احتجاجی لوگ جلوسوں کی صورت میں مختلف مقامات کی طرف بڑھنے لگے تو سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔
سری نگر کے علاوہ جنوبی کشمیر کے کرفیو زدہ ضلع اننت ناگ سے بھی احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق اننت ناگ کے سنگم میں پولیس کی کاروائی میں دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے ایک نوجوان نے اپنی جان بچانے کے لئے دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی تھی۔
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں نوجوان کی ایک بڑی تعداد نے بائیک ریلی نکالی جس کے شرکانے مبینہ طور پر نہ صرف پاکستان کے پرچم لہرائے بلکہ پاکستان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ بعد میں احتجاجی مظاہرین کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔
ادھر سری نگر کے شہرخاص اور ڈاون ٹاون میں کئی ایک مقامات بشمول صفاکدل، سکہ ڈافر، نواح کدل، نوہٹہ، شمس واری، زونی مر، کاٹھی دروازہ، بابا ڈیمب اور نورباغ میں لوگ آزادی حامی اور سیکورٹی فورسز کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Srinagar erupts after govt lifts curfew in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply