جموں و کشمیر میں ایک در انداز سمیت تین دہشت گرد مارے گئے

جموں: وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں منگل کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی ایک شدید جھڑپ میں دو انتہا پسندمارے گئے۔ دوسری جانب فوج کا کہنا ہے کہ جموں خطہ کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہونے والی ایک جھڑپ میں ایک در انداز ہلاک کیا گیا۔ وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا کہ گاندربل کے شوہامہ ہاڈورہ میں منگل کی صبح شروع ہونے والی جھڑپ دو جنگجوؤں کی ہلاکت پر ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے دونوں جنگجوؤں کی لاشیں اور 2 اے کے 47 رائفلیں برآمد کی گئی ہیں۔ دفاعی ترجمان نے جھڑپ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ’جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 5 راشٹریہ رائفلز اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے ہاڈورہ کے بٹ محلہ میں تلاشی کاروائی شروع کی‘انہوں نے بتایا کہ جب سیکورٹی فورسز مذکورہ محلہ کی ایک مخصوص جگہ کی جانب پیش قدمی کررہے تھے تو وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا ’سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ کچھ گھنٹوں تک جاری رہا‘۔
انہوں نے بتایا کہ جھڑپ کے مقام کو پھٹنے سے رہ گئے بارودی مواد سے صاف کرنے کے لئے آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ایک اور اطلاع کے مطابق ضلع راجوڑی میں کنٹرول لائن کے نزدیک فوج نے آج پھرسرحد پارسے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام کر دیا اور اس دوران ہونے والی مڈبھیڑ میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ایل اوسی پر فوجی دستہ نے آج سویرے کچھ دہشت گردوں کو ہندوستانی علاقہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے دیکھا اور جب انہیں للکارا گیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ کنٹرول لائن کے قریب تعینات فوجی جوانوں نے بھی جوابی فائرنگ کی جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ باقی دہشت گرد واپس بھاگ کرپاک مقبوضہ کشمیر میں داخل ہو گئے۔ مارے گئے دہشت گرد کے پاس سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Security forces kill three militants in jammu and kashmir in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply