کشمیر میں انٹرنیٹ سروس اورپری پیڈ سم کارڈ سے باہر کال کرناچوتھے روز بھی منقطع

سری نگر:وادی کشمیر میں تمام مواصلاتی کمپنیوں کی موبائیل انٹرنیٹ خدمات اور پری پیڈ سم کارڈوں کی آوٹ گوئنگ کال سہولت منگل کو مسلسل چوتھے دن بھی منقطع رہیں۔ اس کے علاوہ ریل خدمات کو بھی بدستور معطل رکھا گیا ہے۔ وادی میں انٹرنیٹ ، موبائیل فون اور ریل خدمات 27 مئی کو جنوبی ضلع پلوامہ کے سیموہ ترال میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں حزب المجاہدین کے معروف کمانڈر سبزار احمد بٹ کے سمیت دو انتہا پسندوں کی ہلاکت کے محض چند گھنٹے بعد منقطع کی گئی تھیں۔
دوسری جانب جنوبی ضلع پلوامہ میں انٹرنیٹ اور ٹیلی مواصلاتی نظام کو آج مسلسل چوتھے روز بھی کلی طور پر منقطع رکھا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وادی میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات اور پری پیڈ سم کارڈوں کی آوٹ گوئنگ کال سہولت سبزار احمد بٹ کی ہلاکت سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر معطل رکھی گئی ہیں۔ تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کی براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات کو جزوی طور پر معطلی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات اورپری پیڈ سم کارڈوں کی آوٹ گوئنگ کال سہولت کو معطل رکھنے کا اقدام احتیاطی طور پر لیا گیا ہے جس کا مقصد سوشل میڈیا پر افواہوں کی ترسیل کو روکنا ہے۔ ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ صورتحال میں بہتری کے ساتھ ہی مواصلاتی کمپنیوں کو خدمات کی بحالی کے لئے کہا جائے گا۔ ایک نجی مواصلاتی کمپنی کے عہدیدار نے بتایا کہ انہیں انٹرنیٹ خدمات تاحکم ثانی معطل رکھنے کے لئے کہا گیا ہے۔

Title: restrictions continue in parts of kashmir train service remains suspended in Urdu | In Category: کشمیر  ( kashmir ) Urdu News

Leave a Reply