کشمیر میں پولس کا آنگن واڑی کارکنوں کے خلاف آنسو گیس کا استعمال

سری نگر: (یو ا ین آئی) سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو سول سکریٹریٹ سری نگر کے باہر احتجاجی آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ اپنے مطالبات منوانے کے لئے درجنوں آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں نے جمعرات کو سہ پہر کے وقت سول سکریٹریٹ کی طرف مارچ شروع کردیا۔ تاہم وہاں پہلے سے موجود سیکورٹی فورس اہلکاروں نے احتجاجی آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو منتشر کرنے کے لئے پہلے لاٹھی چارج اور بعدازاں آنسو گیس کا استعمال کیا۔
اس کے علاوہ متعدد آنگن واڑی ورکروں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔ آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں نے اس سے ایک روز قبل بدھ کو اپنے مطالبات منوانے کے لئے شیر کشمیر پارک سے پریس کالونی تک احتجاجی مارچ کیا۔ آنگن واڑی کے احتجاجی ملازمین اپنے مطالبات خاص طور پر باقی ریاستوں کے ساتھ اجرتوں میں فرق دور کرنے، 65 سال ریٹائرمنٹ کے بعد معقول پنشن مقرر کرنے، کل وقتی ملازمتیں و ترقیاں واگزار کرنے کے علاوہ آئی سی ڈی ایس کو نجی زمرے میں دینے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔
آل جموں وکشمیر آنگن واڑی ورکرس و ہیلپرس یونین صدر کا کہنا ہے کہ ملک میں سب سے کم اجرت پر ریاست جموں وکشمیر کے آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو کام کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ سرکار ابھی تک مسائل کو حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے ورکروں اور ہلپروں کو سڑکوں پر آنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات نہ کئے گئے تو عنقریب ریاست گیر تحریک شروع کی جائے گی۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Police used tear gas shelling on anganwadi workers in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply