کشمیرمیں احتجاجیوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے پرممبر اسمبلی انجینئر رشید گرفتار

سری نگر:عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے سربراہ اور شمالی کشمیر کے حلقہ انتخاب لنگیٹ سے آزاد ممبر اسمبلی انجینئر شیخ عبدالرشید کو بدھ کے روز اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب انہوں نے کشمیر میں گذشتہ 11روز کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی مارچ نکالنے کی کوشش کی۔
خیال رہے کہ انجینئر رشید نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والی زیادتیوں اور حالیہ شہری ہلاکتوں کے خلاف 21 جولائی کو نئی دہلی میں پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کریں گے۔ تاہم رپورٹوں کے مطابق انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر اپنے احتجاج کے پروگرام کو ملتوی کیا ہے۔
ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کشمیر کی موجودہ امن و قانون کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے 21 جولائی کو ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر سری نگر میں کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔
اے آئی پی کے ایک ترجمان نے کہا کہ کرفیو کے باوجود انجینئر رشید کی قیادت میں درجنوں پارٹی کارکنوں نے بدھ کی صبح ڈپٹی کمشنر آفس کپواڑہ کے باہر جمع ہوکر احتجاجی مارچ نکالا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاجی مارچ کے شرکا پر امن طور پر حالیہ شہری ہلاکتوں اور مقامی لوگوں پر ہونے والی زیادتیوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے، لیکن پولیس نے شرکاکا راستہ روکتے ہوئے سب کو گرفتار کرکے پولیس تھانہ کپواڑہ منتقل کیا۔ تاہم حراست میں لئے گئے اے آئی پی کارکنوں کو قریب ایک گھنٹے بعد رہا کیا گیا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Police arrest kashmir mla engineer rashid in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply