عمر عبداللہ اور مفتی محبوبہ کو ملک تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی:وزیر اعظم مودی

تصویر سوشل میڈیا
کٹھوعہ(جموں و کشمیر):وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز جموں و کشمیر کے دو سابق وزراءاعلیٰ عمر عبد اللہ اور محبوبہ مفتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان دو نوںخاندانوں نے ریاست کی تین نسلیں تباہ دیں اور وہ اب انہیں ہندوستان کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر اعظم جموں و کشمیر کے لیے ایک علیحدہ وزیر اعظم کے لیے عمر عبد اللہ کے مطالبہ کا ذکر کر رہے تھے۔وزیر اعظم نے یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کے بہتر اور تابناک مستقبل کے لیے ان دونوں کی پارٹیوں کو انتخابات میں شکست دے کر اقتدار سے بے دخل کرنے کی سخت ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا مستقبل ان کو ا نتخابات میں شکست دے کر ہی محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔وہ اپنے پورے قبیلہ کو میدان میں اتار سکتے ہیں ،جتنی چاہیں مودی کو گالیاں دے سکتے ہیں لیکن ملک کو تقسیم نہیں کر سکتے۔
اودھم پور لوک سبھا سیٹ پر دوبارہ الیکشن لڑنے والے پی ایم او میں وزیر مملکت جتندر سنگھ کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پولنگ کے پہلے مرحلہ میں جموں و کشمیر کے ووٹروں نے کثیر تعداد میں حق رائے دہندگی کا استعمال کر کے دہشت پسند لیڈروں ، موقع پرستوں میں کھلبلی مچادی اور ”مہا ملاوٹ“ اتحاد کے حوصلے پست کر دیے ہیں۔
کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس مٰںجراثیم سرایت کر گئے ہیں۔ اس نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ بر سر اقتدار آئی تو سلامتی دستوں کے حوصلے پست کرنے کے لیے ریاست سے افسپا ہٹا لے گی۔