گیلانی نے پاکستان کومسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق قرار دیا

سری نگر:بزرگ علیحدگی پسند رہنما اور حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے پارلیمنٹ میں دیے گئے اس بیان کو مضحکہ خیز اور حقائق سے پرے بتایا ہے جس میں وزیر داخلہ نے کشمیر کے مسئلے کے حل نہ ہو پانے کے حوالے سے ہر الزام ہر بار کی طرح آج بھی پاکستان کے سر تھوپنے کی ناکام کوشش کی ہے۔
حریت چیئرمین نے یہاں جاری اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا کہ ہندوستان نے روزِ اول سے ہی پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کیا ہے اور اس کے وجود میں آنے کے دن سے ہی اپنی پاکستان دشمنی اور فرقہ پرستانہ ذہنیت کے مطابق ہر وہ کوشش کی جس سے وہ ملک کمزور ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ 1971میں اسی پاکستان دشمنی اور فرقہ پرستانہ دشمنی کے جنون میں مبتلا ہوکر ہندوستان نے ایک گھناؤنی سازش کے ذریعے پاکستان کے مشرقی بازو کو بنگلہ دیش بننے میں کلیدی رول ادا کیا۔
کشمیر کی تحریک آزادی کو یہاں کے عوام کی اپنی تحریک قرار دیتے ہوئے مسٹر گیلانی نے کہا کہ زمینی صورتحال سے چشم پوشی اور ہمارے بنیادی حق حقِ خودارادیت کے مطالبے سے مسلسل انکار کے لیے پاکستان کو موردالزام ٹھہرا کر ہندوستان ہمیشہ سے یہ راگ الاپ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہاں کے گلی کوچوں میں کشمیری ہی ہیں اور یہاں کے قبرستانوں میں کشمیری ہی مدفون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر میں جہاں ہندوستان ایک فریق کی حیثیت رکھتا ہے وہیں پاکستان ایک اہم اور بنیادی فریق ہے۔
وزیر داخلہ مسٹر راجناتھ سنگھ کو تاریخ کا مطالعہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے حریت چیئرمین نے کہا کہ تنازعہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ ایک متنازعہ مسئلہ ہے اور اس کی قراردادوں پر خود ہندوستان کے دستخط بھی موجود ہیں۔ اور بقول مسٹر گیلانی اب ہندوستان طاقت اور نشہ قوت میں بدمست ہوکر ٹھوس حقائق سے مکرنے کی اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بندوق کے دہانے کھول کر آپ قبرستان کی خاموشی قائم تو کراسکتے ہولیکن یہاں کے دلوں سے جذبہ حریت ختم کرنا آپ کے بس میں نہیں ہے۔
حریت چیئرمین مسٹر گیلانی نے کہا کہ ہندوستانی سیاستدانوں کی طرف سے یہ من گھڑت شوشہ چھوڑنے پر کہ اس جدوجہد میں صرف چند مٹھی بھر جوان ہی شامل ہیں تو ان لوگوں کی عقل پر ماتم کے بغیر اور کیا کیا جاسکتا ہے۔ اگر ان کی اس بات میں کوئی حقیقت ہے تو انہیں چاہیے کہ وہ یہاں رائے شماری کرائیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pakistan important party to kashmir dispute says geelani in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply