کنٹرول لائن پر پھر فائرنگ، ہندوستانی فوج کا جے سی او زخمی

سری نگر:جموں کے نگروٹہ علاقے میں واقع فوج کی 166 فیلڈ رجمنٹ پر ہلاکت خیز فدائین حملے کے ایک روز بعد ریاست کی پاکستان کے ساتھ لگنے والی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر گولیوں کی گھن گرج دوبارہ شروع ہو گئی۔
ایک رپورٹ کے مطابق پونچھ میں ایل او سی پر سرحد پار پاکستانی فوجیوں کی طرف سے نشانہ لگا کر کئے گئے فائر کے نتیجے میں ہندوستانی فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) زخمی ہوگیا ہے۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے جے سی او دیوان سنگھ کو بذریعہ فوجی طیارہ ادھم پور لے جا کر فوجی اسپتال میں بھرتی کر دیا گیا۔
دریں اثنا پاکستانی فوجیوں نے گذشتہ رات شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایل او سی کے اوڑی سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے گذشتہ رات ایل او سی کے اوڑی سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے بھی سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر جواب دیا اور طرفین کے مابین گولہ باری کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا۔ تاہم گولیوں کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: One more jco injured in firing at loc in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply