پونچھ کی کرشنا گھاٹی میں پاکستان کی بلا اشتعال فائرنگ، ہندوستانی فوجی ہلاک

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں کرشنا گھاٹی میں منگل کے روز سرحد پار سے چلائے گئے سنیپر فائر کی وجہ سے فوج کا ایک اہلکارہلاک ہوگیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں سرحد پار سے چلائے گئے سنیپر فائرنگ کی وجہ سے بھیمبیر گلی میں 7/11 جی آر رجمنٹ سے وابستہ فوجی اہلکار مہندرا چیمی جنگ شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ زخمی فوجی اہلکار کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا، تاہم وہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس دوران ریاستی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا ’بالاکوٹ کے چیرا فارورڈ پوسٹ پر تعینات فوجی اہلکار این کے مہندرا چیمی جنگ پاکستانی فائرنگ کی وجہ سے شہید ہوگیا‘۔ جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر گذشتہ قریب دو ماہ سے کشیدگی کا ماحول بنا ہوا ہے۔ اس دوران دونوں اطراف کئی انسانی جانوں کا اتلاف ہوا۔
اس کے علاوہ مال مویشیوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سنہ 2003 میں سرحدوں پر جنگ بندی کا معاہدہ ہوا۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک ایک دوسرے پر اس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے آئے ہیں۔ رواں برس یکم ستمبر کو بھی سرحد پار پاکستان کی طرف سے فائر کئے گئے سنیپر کی وجہ سے بی ایس ایف کا ایک اہلکار جاں بحق ہوا تھا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: One jawan killed in jk after pakistan army resorts to sniping in poonch in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News
Tags: ,

Leave a Reply