کشمیر میں علمائے کرام اور ائمہ کے پیچھے سی آئی ڈی لگانے پرعمر عبداللہ کی محبوبہ مفتی پر تنقید

سری نگر:نیشنل کانفرنس کے نگراں صدر عمر عبداللہ نے وادی کشمیر میں علمائے کرام اور ائمہ مساجد کی سرگرمیوں پر نگرانی رکھنے کے مبینہ حکومتی منصوبے پر ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسا کوئی اقدام ان کی جماعت کی قیادت والی حکومت میں اٹھایا جاتا تو محبوبہ مفتی نے شدید ہنگامہ برپا کیا ہوتا۔
انہوں نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’ اگر ایسا اقدام نیشنل کانفرنس نے اٹھایا ہوتا تو اس ہنگامے کا اندازہ لگانا بہت مشکل تھا جو پی ڈی پی اور محبوبہ مفتی نے ردعمل میں برپا کیاہوتا‘۔ مسٹر عبداللہ ایک رپورٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کررہے تھے جس میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر پولیس کی سی آئی ڈی ونگ نے ائمہ مساجد کی تفصیلات بشمول ا±ن کے نام، خاندانی ساخت، نظریاتی وابستگی اور بینک تفصیلات جمع کرنا شروع کردی ہیں۔
مذکورہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی اور جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتما و تولیت مساجدکے ائمہ پر زیادہ توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں، جماعت اسلامی، جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیراور دیگر مذہبی جماعتوں نے اس مبینہ حکومتی منصوبے کو مداخلت فی الدین قرار دیا ہے۔
بزرگ علیحدگی پسند رہنما اور حریت کانفرنس (گیلانی) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مبینہ حکومتی منصوبے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی مہم جوئی کے ایسے سنگین اور خطرناک نتائج برآمد ہوں گے کہ حکومت نے ان کے بارے میں سوچا بھی نہیں ہوگا۔
حریت کانفرنس (عمر فاروق) کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماءجموں وکشمیر کے امیر اعلیٰ میرواعظ مولوی عمر فاروق نے مسئلے کو سنگین اور مداخلت فی الدین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کی سنگینی کے پیش نظر بہت جلد متحدہ مجلس علماءکا ریاست گیر اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں اس معاملے کا جائزہ لینے کے بعد ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
جبکہ جمعیت اہل حدیث جموں کشمیر کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے کہا کہ ائمہ و خطباءاور دعاة کرام پر شکنجہ کسنے کی حکومتی تیاریاں کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوسکتیں ۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Omar abdullah targets mehbooba mufti for putting imams under surveillance in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply