نیشنل کانفرنس کے مجوزہ کنونشن سے سیاسی حلقوں میں بے چینی، عمر عبداللہ صدر بنائے جا سکتے ہیں

سری نگر: (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس کے سری نگر میں مجوزہ تاریخی کنونشن نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ 29 اکتوبر کو شیر کشمیر کرکٹ اسٹیدیم میں منعقد ہونے والے اس مجوزہ کنونشن یا ڈیلی گیٹس اجلاس میں عمر عبداللہ کو پارٹی ڈیلی گیٹوں کی تائید سے صدر منتخب کئے جانے اور ریاست کی خصوصی پوزیشن کے خلاف ہورہی مبینہ سازشوں کے حوالے سے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت کو ایک سخت پیغام بھیجے جانے کا قوی امکان ہے۔ پارٹی کی طرف سے ریاست کو 9 اگست 1953 سے قبل حاصل اندرونی خودمختاری کی بحالی کا بھی مطالبہ زوردار طریقے سے دہرایا جاسکتا ہے۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے اس مجوزہ کنونشن میں لئے جانے والے فیصلے ریاست میں آنے والے کئی مہینوں تک موضوع بحث بنے رہیں گے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نیشنل کانفرنس اس کنونشن کے ذریعے پی ڈی پی و بی جے پی کی مخلوط حکومت کے دفعہ 35 اے پر منڈلاتے ہوئے خطرے، خواتین کی جبری بال تراشی کے نہ تھمنے والے سلسلے، ریاست میں متعدد مرکزی قوانین کے نفاذ اور لااینڈ آدر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے نتیجے میں ریاست بالخصوص وادی کشمیر میں پیدا شدہ مخدوش حالات کو لیکر شدید تنقید کا نشانہ بنائے گی۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ مجوزہ کنونشن کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں اور اسے ایک تاریخی کنونشن بنانے کے لئے پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں روزانہ کی بنیاد پر میٹنگیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا ’حالات درست رہتے ہیں تو کنونشن 29 اکتوبر کو شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی۔ اس مجوزہ کنونشن میں 12 ہزار پارٹی ڈیلی گیٹس کی شرکت طے ہے۔ 200 ڈیلی گیٹس جموں جبکہ 100 ڈیلی گیٹس خطہ لداخ سے شرکت کے لئے سری نگر پہنچیں گے۔
کنونشن کو تاریخی اور کامیاب بنانے کے لئے پارٹی ہیڈکوارٹر پر روزانہ کی بنیاد پر میٹنگیں ہوتی ہیں‘۔ ذرائع نے بتایا کہ کنونشن میں پارٹی کے موجودہ کارگذار صدر عمر عبداللہ کو ’صدر‘ منتخب کئے جانے اور کچھ اہم قراردادیں منظور کئے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا ’پارٹی میں ہر ایک فیصلہ ڈیلی گیٹس کے ووٹ اور اعتماد کے تابع ہوتا ہے۔ ان کی تائید حاصل ہوئی تو عمر عبداللہ پارٹی کے نئے صدر ہوں گے‘۔
پارٹی کے موجودہ صدر مسٹر عمر کے والد ڈاکٹر فاروق عبداللہ ہیں۔ تاہم پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ ابھی ڈیلی گیٹس کنونشن کے انعقاد کی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا ’ابھی ہم نے کنونشن کے تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ جوں ہی کوئی تاریخ مقرر کی جائے گی تو میڈیا کو اس سے مطلع کیا جائے گا۔ فاروق کا انتظار تھا، وہ آگئے ہیں اور کچھ دنوں کے اندر باضابطہ طور پر تاریخ کا اعلان کیا جائے گا‘۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Omar abdullah may be next nc president in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply