کشمیر میں حالات جوں کے توں، پولیس کا کرفیو میں ڈھیل دینے سے انکار

سری نگر: وادی کشمیر میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بھڑکے تشددپر،جس میں تاحال 46 افراد ہلاک اور 4 ہزار دیگر زخمی ہو چکےہیں، قابو پانے کے لئے نافذ کرفیو کے باعث پوری وادی کشمیر میں جمعرات کو معمولات زندگی مسلسل تیرہویں روز بھی درہم برہم رہے۔
وادی کے گرد و نواحسے موصولہ اطلاعات کے مطابق پوری وادی بشمول تمام بڑے قصبہ جات اور تحصیل ہیڈکوارٹروں کے علاوہ سری نگر میں آج بھی کرفیو کا نفاذ جاری رہا۔ اگرچہ علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اشیائے خوردونوش سٹاک کرانے کے لیے آج 2بجے سے ہڑتال میں چند گھنٹوں کا وقفہ دیے جانے کا اعلان کیا تھا لیکن ریاستی پولیس نے کرفیو میں نرمی دینے سے انکار کرتے ہوئے کرفیو کو سختی کے ساتھ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
ایک پولیس ترجمان نے جمعرات کی دوپہر یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ وادی بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے لگائے گئے کرفیو اور پابندیوں میں کوئی نرمی نہیں ہوگی۔ کرفیو اور پابندیوںکا تا حکم ثانی سختی کے ساتھ بدستور نفاذ رہے گا۔ ریاستی پولیس نے کرفیو کا نفاذ جاری رکھنے کا اعلان اس وقت کیا جب ریاستی وزیر تعلیم اور حکومتی ترجمان نعیم اختر کے مطابق آج شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اور وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں اسکول کھولے جانے تھے۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ اِن چار اضلاع میں کرفیو، پابندیوں اور ہڑتال کے باعث کسی بھی اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں بحال نہ ہوسکیں۔ ضلع سری نگر بالخصوص بالائی شہر کے علاقوں نٹی پورہ، بڈشاہ نگر، نوگام، دلسوز کالونی اور پمپوش کالونی میں رہائش پذیر لوگوں نے کہا کہ عائد کرفیو میں جمعرات کو غیرمعمولی سختی لائی گئی۔
پمپوش کالونی کے لوگوں نے یو این آئی کو بتایا کہجمعرات کی علی الصباح سے ہی پولیس اہلکار گاڑیوں پر نصب لاوڈ اسپیکروں کے ذریعے کرفیو کے نفاذ کا اعلان کررہے تھے اور لوگوں کو اپنے گھروں کے اندر ہی رہنے کی ہدایت کررہے تھے‘۔ سری نگر کے ڈاون ٹاون اور شہر خاص کے علاوہ مضافاتی علاقہ بمنہ میں بھی جمعرات کو عائد کرفیو میں مزید سختی لائی گئی۔
اس دوران ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو یہاں ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں کشمیر کی موجودہ امن و قانون کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لئے کل جماعتی میٹنگ کی صدارت کی۔ تاہم ریاستی کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے اس میٹنگ کا بائیکاٹ کیا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: No relaxation in curfew across kashmir valley in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply