ٹیرر فنڈنگ کیس میں گیلانی کے داماد سمیت 7 کشمیری علیحدگی پسند لیڈر گرفتار

سری نگر: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پاکستان سے ہونے والی مبینہ ٹیرر فنڈنگ کی جانچ کے سلسلے میں 7 علیحدگی پسند قائدین کو گرفتار کرلیا ہے۔ ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدگان میں حریت (گ) ترجمان ایاز اکبر، مسٹر گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ عرف الطاف فنتوش ، راجہ معراج الدین کلوال(حریت گ ضلع صدر) ،سینئر حریت گ لیڈر پیر سیف اللہ، حریت کانفرنس (ع) ترجمان شاہد الاسلام، نیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان اور فاروق احمد ڈار عرف بٹہ کراٹے شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ متذکرہ علیحدگی پسند لیڈران کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہمہامہ میں واقع این آئی اے کے کیمپ پر طلب کیا گیا تھا جہاں انہیں باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق بٹہ کراٹے نئی دہلی میں موجود تھے اور انہیں وہیں پر گرفتار کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ’گرفتار شدگان کو نئی دہلی منتقل کیا جارہا ہے، جہاں این آئی ا ے ٹیرر فنڈنگ کے سلسلے میں ان سے پوچھ گچھ کرے گی‘۔ انہوں نے بتایا ’انہیں25 جولائی کو نئی دہلی میں این آئی اے کے ہیڈکوارٹرس میں پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے‘۔
این آئی اے کی طرف سے تحریک حریت لیڈران پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ اور راجہ معراج الدین کو گذشتہ روز نوٹس بھیجے گئے تھے اور انہیں 24جولائی کو ہمہامہ میں قائم کیمپ میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا تھا۔ اس سے قبل الطاف احمد شاہ کو ایجنسی کی طرف سے دلی بلایا گیا تھا، جہاں ان سے کئی دن تک پوچھ گچھ کی جاتی رہی۔ عید کے موقعے پر موصوف اگرچہ وادی واپس لوٹے تھے، البتہ انہیں اور ان کے ساتھ راجہ معراج الدین کو دوبارہ نوٹس ملے تھے اور انہیں 28جون کو دلی روانہ ہونا تھا، جس کے لیے انہوں نے ٹکٹیں بھی بک کرائی تھیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nia arrests syed geelanis son in law six other separatist leaders in terror funding case in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply