محبوبہ حکومت کشمیر و عوام دشمن ثابت ہوئی ہے: نیشنل کانفرنس خواتین ونگ

سری نگر: جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس کی خواتین ونگ نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس سے ایک ریلی برآمد کرکے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) و بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مخلوط حکومت کی مبینہ ناکامیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔ تاہم جب ریلی کی شرکاءخواتین سول سکریٹریٹ کی طرف مارچ کرنے لگیں تو پولیس کی بھاری جمعیت نے پولو گراؤنڈ کے نزدیک سڑک کو بند کرکے انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ پارٹی کی صوبائی صدر خواتین ونگ شمیمہ فردوس (ایم ایل اے حبہ کدل) کی قیادت میں برآمد ہوئی احتجاجی ریلی میں خواتین ونگ سے وابستہ سینئر عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
جلوس میں پی ڈی پی سرکار کی نوجوان کش پالیسیوں ، پیلٹ گن اور طلباو طالبات پر طاقت کے بے تحاشہ استعمال کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ ٹی آر سی چوک میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شمیمہ فردوس نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر دشمن اور عوام دشمن ثابت ہوئی ہے۔ حکومت نے عوام خصوصاً نوجوانوں کے خلاف اعلانِ جنگ کر رکھا ہے۔ پی ڈی پی کی ڈھائی سالہ حکومت میں کشمیر پر ظلم و ستم کے تمام ریکارڈ مات کئے گئے اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ اسکولوں اور کالجوں میں گھس کر پیلٹ ، بلٹ اور ٹیئر گیس گولوں کی بوچھاڑ کی جاتی ہے، طلباءو طالبات کیخلاف طاقت کا بے تحاشہ استعمال کرکے جمہوریت اور اظہارِ رائے کی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے۔ نوجوان کو جیپ سے باندھ کر انسانی ڈھال بنانے والے فوجی افسر کو اعزاز سے نوازا جارہا ہے۔ظلم و ستم کی ایسی مثالیں ماضی میں کہیں نہیں ملتی ہیں۔ لیکن پی ڈی پی حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ جماعت اقتدار کو گلے لگائے بیٹھی ہے۔

Title: national conference women wing protest pdp govts anti kashmir policies | In Category: کشمیر  ( kashmir )

Leave a Reply