کشمیرتنازعہ کے تصفیہ کیلئے پاکستان اور حریت سمیت تمام گروپوں کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے: نیشنل کانفرنس

سری نگر:جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان اور حریت کانفرنس سمیت تمام علیحدگی پسند گروپوں کے ساتھ مذاکرات پر زور دیتے ہوئے وادی کے دو روزہ دورے پر آنے والے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو ایک سات نکاتی میمورنڈم پیش کیا ہے۔
پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے ایک وفد نے پارٹی کے کارگذار صدر عمر عبداللہ کی قیادت میں اتوار کو مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ یہاں نہرو گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کر کے انہیں وادی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ایک 7نکاتی میمورنڈم بھی پیش کیا ۔وفد میں پارٹی کے جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر، سینئر نائب صدر ایڈوکیٹ چودھری محمد رمضان، ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، شمالی زون صدر ایڈوکیٹ محمد اکبر لون، جنوبی زون صدر سکینہ ایتو اور صوبائی صدر خواتین ونگ ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس شامل تھے۔ میمورنڈم میں وادی میں انسانی جانوں کے زیاں پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے حالات سے نمٹنے میں ریاستی حکومت کے رول کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ وادی کے موجودہ صورتحال کو محض امن و قانون کی صورتحال سے تعبیر کرنا اور بیرونی طاقتوں و مفادِ خصوصی رکھنے والے عناصر کو موجودہ حالات کے ذمہ دار ٹھہرانا زمینی حقائق کو تسلیم نہ کرنے کے مترادف ہوگا جس کی وجہ سے ہم واپس اسی خطرناک موڑ پر پہنچ جاتے ہیں، جو نہ صرف ریاست میں بے چینی اور تناؤ کی بنیادہے بلکہ ہزاروں جانوں کے اتلاف کی وجہ بھی ہے۔میمورنڈم میں مرکزی سرکار کو پاکستان کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام، علیحدگی پسندوں بشمول حریت کانفرنس لیڈروںکو بھی مذاکرات میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ برہان وانی کی ہلاکت کے بعد ریاستی حکومت حالات سے انسانی اور سیاسی طور پر نمٹنے میں بری طرح ناکام ہوگئی اور مخلوط اتحاد سے تعلق رکھنے والے وزرا اور اعلیٰ عہدیداروں کے متضاد بیانات سے کنفیوژن پیدا کیا گیا۔ ایک طرف پی ڈی پی کے ممبر پارلیمنٹ جموں وکشمیر پولیس کے اندر آپسی دھڑبندی کو برہان وانی کی ہلاکت کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں وہیں پی ڈی پی کے وزیر خزانہ کابینہ میٹنگ میں برہان وانی کی ہلاکت کو حراستی قتل قرار دیتے ہیں۔
میمورنڈم میں اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وادی میں حالیہ پر تشدد حالات میں فورسز کی جانب سے اضافی طاقت کے استعمال کی تحقیقا ت کی جائے اور طاقت کے بے تحاشا استعمال کی تصدیق ہوجانے پر قانونی کارروائی شروع کی جائے۔ (یو ا ین آئی)

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: National conference team meets rajnath singh submit memorandum in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply