کشمیرمسئلے کے حل کیلئے فریقین سے بات چیت شروع کی جائے: شیخ مصطفیٰ کمال

سری نگر: (یو ا ین آئی) نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے تمام بنیادی فریقین کے ساتھ امن بات چیت شروع کی جائے تاکہ وادی میں قتل و غارت گری ، لوٹ مار اور پکر دھکڑ بند ہوسکے اور ریاست میں دیرپاامن قائم کیا جاسکے۔ مسئلہ کشمیر جہاں ہند و پاک کی دوستی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے وہیں یہ حل طلب مسئلہ ماضی اور حال میں حالات بگاڑنے کی بنیادی وجہ رہی ہے۔
یہاں جاری اپنے ایک بیان میں نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے کہا کہ وزیر داخلہ دو بار کشمیر میں صورتحال کا جائزہ لینے آئے لیکن بدقسمتی سے حالات میں کوئی سدھار نہ آسکا بلکہ حالات مزید ابتر ہوتے گئے۔ ڈاکٹر کمال کے بقول ’نہ کرفیو ہٹا، نہ بندشیں اٹھائیں گئیں، نہ پیلٹ گن پر پابندی عائد ہوئی اور نہ ہی گولیوں اور طاقت کے بے تحاشہ استعمال پر روک لگی‘۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے پہلے دورے کے دوران یہاں کی اپوزیشن جماعتوں کو بھروسہ دیا کہ وہ دہلی پہنچنے پر ہی پیلٹ گن پر پابندی عائد کرنے کا اعلان ہوگا لیکن عمل درآمد نفی برابر ہوا۔ اب اس بار وزیر داخلہ نے کہاہے کہ پیلٹ گن کا متبادل عنقریب لایا جائے گا۔
ڈاکٹر کمال نے وزیر داخلہ کو مشورہ دیا کہ وہ ہتھیاروں کا متبادل ڈھونڈنے کے بجائے زمینی حقائق تسلیم کرکے مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے لئے اقدامات اٹھائیں۔ ہتھیاروں سے نہ تو ماضی میں کشمیری قوم کے جذبات اور احساسات کو دبایا جاسکا ہے اور نہ ہی مستقبل میں دبایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی سرکار مسئلہ کشمیر کی سیاسی حیثیت تسلیم کرکے تمام بنیادی فریقوں کے ساتھ بات چیت کا ٹھوس اور معنی خیز عمل شروع کریں گے اور تو انہیں کشمیری میں کسی بھی ہتھیار کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ڈاکٹر کمال نے مرکز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر کو میدانِ جنگ سمجھنے کے بجائے لچکدار رویہ اختیار کرکے پاکستان اور کشمیریوں کو مذاکرات کی میز پر لائیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ریاستی سرکار مرکزی حکومت زمینی حقائق سے آگاہ کرنے کے بجائے عام لوگوں کو ہی حالات کا ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔
جس طرح سے گذشتہ روز پی ڈی پی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ موجودہ پرآشوب دور میں جو نوجوان جاں بحق ہوئے ان میں سے 95فیصد فوجی کیمپوں پر حملہ کررہے تھے، اس سے موصوفہ نے ان ہلاکتوں کو جواز بخشا اور فورسز کو نہ صرف کلین چٹ دی بلکہ ہلاکتوں ، زور زبردستی اور بے جا و بلاجواز طاقت کا استعمال جاری رکھنے کی لائسنس بھی فراہم کی۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: National conference leader mustafa kamal calls for peace talk in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply