نیشنل کانفرنس کاسرحدی کشیدگی پر اظہارتشویش، ہند پاک سے جنگ بندی معاہدے پر عمل کی اپیل

National conference expresses concern over tense situation along LoC
سری نگر: نیشنل کانفرنس نے ہند۔پاک سرحدوں پر مسلسل گولہ باری سے ہورہے جانی اور مالی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی سیاسی اور فوجی قیادت پر زور دیا کہ ایسے اقدامات اور کارروائیوں سے اجتناب کیا جائے جو دونوں پڑوسیوں میں جاری تناؤ اور کشیدگی کو مزید ہوا دینے کا سبب بن جائے۔
پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز آر پار گولہ باری سے بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں، معصوم زخمی ہورہے ہیں اور مال مویشی بھی متاثر ہورہے ہیں۔ لائن آف کنٹرول اور سرحد پر آر پار فائرنگ اور گولہ باری سے متاثرہ آبادیوں کی کسمپری اور ناگفتہ بہہ حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے کہا ہے کہ مرکزی اورریاستی حکومتوں کے بلند بانگ دعوے زمینی سطح پر کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہے ہیں ، نہ تو مرکزی سرکار گولہ باری روکنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور نہ ہی ریاستی سرکار سرحدی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہے۔