ہند پاک مذاکراتی عمل زندہ رکھنے کے لیے لفظی جنگ سے اجتناب برتنا ضروری: نیشنل کانفرنس

سری نگر:نیشنل کانفرنس نے ہندوستان اور پاکستانی رہنماؤں کے درمیان زبانی جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے بیانات سے گریز کریں جو دونوں ملکوں میں دوریاں اور رنجشیں بڑھانے کا سبب بن رہے ہیں۔ پارٹی کے ترجمان جنید عظیم متو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہندوستان اور پاکستان کے رہنماؤں اور نمائندوں کی جانب سے لفظی جنگ کو دونوں ملکوں کے مفادات کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل صرف اور صرف بات چیت سے ہی نکالا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوڑی حملے کے بعد بھارت اور پاکستان میں دوریاں اور بڑھ گئی کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کئی برسوں سے تعطل کا شکار ہیں۔ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک میں ایسے عناصر موجود ہیں جو انہیں ایک دوسرے کے قریب آتا دیکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ ان عناصر کی سازشوں کو خاک میں ملاکر مذاکرات کی میز پر آکر تمام حل طلب مسائل کا حل ڈھونڈ کر آپسی رنجشوں کا خاتمہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان خوشگوار ماحول کابراہ راست اثر ریاست جموں وکشمیر پر پڑتا ہے اور اگر دونوں ملکوں کے درمیان تلخی ہوتی ہے تو اس کا سب سے زیادہ خمیازہ بھی ریاستی عوام کو ہی بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار ماحول اور مذاکراتی عمل جاری رہ سکے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: National conference express concern over war of words between india and pakistan in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply