سخت پابندیوں کے باعث سری نگر جامع مسجد میں لگاتارتیسرے جمعہ کوبھی نماز ادا نہیں کی جاسکی

سری نگر:کشمیر انتظامیہ نے مسلسل تیسرے جمعہ کو بھی دارالحکومت سری نگر کے پائین شہر میں سخت ترین پابندیاں نافذ کرکے نوہٹہ میں واقع تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی ناممکن بنادی۔ پابندیاں ظاہری طور پر حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے پیش نظر نافذ کی گئی ہیں۔ برہان وانی کو گذشتہ برس 8 جولائی کو جنوبی ضلع اننت ناگ کے ککرناگ میں ایک مختصر جھڑپ کے دوران اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ ہلاک کیا گیا تھا۔ جامع مسجد میں 23 جون ( جمعتہ الوداع) اور 30 جون کو بھی سخت ترین بندشوں کے ذریعے نماز کی ادائیگی ناممکن بنادی گئی تھی۔ 23 جون کو جمعتہ الوداع کے موقعے پر کشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہ جامع مسجد کو مقفل کرنے پر ریاستی حکومت کو مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ ڈوگرہ شاہی حکومت کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جب تاریخی جامع مسجد میں جمعتہ الوداع کی نمازپر روک لگا دی گئی۔
30جون کو کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے متحدہ جہاد کونسل اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو امریکہ کی جانب سے عالمی دہشت گرد قرار دیے جانے کے خلاف نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد احتجاج کرنے کی کال دی تھی اور انتظامیہ نے جامع مسجد میں نماز کی ادائیگی پر روک لگا کر وہاں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہرے کو ناکام بنادیا تھا۔ انتظامیہ نے جمعہ کی صبح پائین شہر کے مختلف حصوں میں سخت ترین بندشیں عائد کرکے تاریخی جامع مسجد میں نماز کی ادائیگی مسلسل تیسرے دفعہ ناممکن بنادی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ’پائین شہر میں خانیار ، نوہٹہ ، رعنا واری ، مہاراج گنج اور صفہ کدل پولیس سٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں احتیاطی طور پر آج دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Namaz juma could not held in srinagar jama masjid in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply