جموں میں نگروٹہ فوجی کیمپ پر دہشت گردانہ حملہ، میجر سمیت 7 فوجی اہلکار اور 4 حملہ آور ہلاک

جموں: جموں وکشمیر کے دارالحکومت جموں کے مضافاتی علاقہ نگروٹہ میں واقع فوج کی 166 فیلڈ رجمنٹ پر منگل کو علی الصباح ہونے والے فدائی حملے میں ایک میجر سمیت 6 فوجی اہلکار شہید اور سبھی 4 فدائین حملہ آور مارے گئے۔ طرفین کے درمیان مسلح تصادم تقریباً دس گھنٹے تک جاری رہا۔
ایک الگ واقعہ میں سیکورٹی فورسز نے جموں خطہ کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔ سانبا میں طرفین کے مابین گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف ) کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔ تاہم جھڑپ کے مقام سے جنگجوؤں کی لاشیں اٹھانے کے دوران دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے بی ایس ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل بی ایس کسانا سمیت پانچ اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے ہائی سیکورٹی زون نگروٹہ میں واقع فوجی کیمپ پر ہونے والے فدائین حملے کی تفصیلات یو این آئی کو فراہم کرتے ہوئے بتایا ’ چار بھاری مسلح جنگجوؤں پر مشتمل ایک گروپ نے منگل کی علی الصبح ساڑھے پانچ بجے نگروٹہ علاقہ میں واقع فوج کی 166 فیلڈ ریجیمینٹ پر حملہ کیا‘۔ خیال رہے کہ نگروٹہ میں ہی فوج کی 16 ویں کور کا ہیڈکوارٹر بھی واقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں نے کیمپ کے اندر داخل ہونے کے لئے سیکورٹی فورسز کی طرف گرینیڈ داغے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کی، تاہم کامیابی نہ ملنے پر انہوں نے کیمپ کے داخلی دروازے پر واقع آرمی آفیسرس میس کو نشانہ بنایا۔ ذرائع نے بتایا ’فوجی اہلکاروں نے موچہ سنبھالا اور جوابی کاروائی شروع کی۔
اور دونوں طرف سے زبردست فائرنگ کا تبادلہ ہوا‘۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ میں سات فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے تین اہلکاروں بشمول ایک میجر نے دم توڑ دیا۔ زخمیوں میں ایک خاتون سیکورٹی افسر بھی شامل ہے۔ مہلوک میجر کی شناخت 166 میڈیم ریجیمینٹ آرٹلری کے کونال گوسین اور دیگر دو کی لائنس نائیک کدم اور سپاہ راگویندر کے بطور ظاہر کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے خلاف آپریشن میں بعدازاں فوجی کمانڈوز بھی شامل ہوگئے اور ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی لی گئی۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ احتیاطی اقدامات کے طور پر جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی۔ ایک پولیس افسر نے بتایا ’پرانے روٹ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے مکمل بند کردیا گیا ہے۔ تاہم نئے روٹ پر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جارہی ہے‘۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nagrota army base attack 3 soldiers 4 suicide bombers killed in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply