کشمیر میں چوٹی تراش کے شبہ میں 70سالہ بزرگ کو ہلاک کر دیاگیا

سری نگر: (یو ا ین آئی) وادی کشمیر میں خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے نہ تھمنے والے سلسلے نے اب تشویشناک اور خطرناک رخ اختیار کرلیا ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں لوگوں نے ایک 70 سالہ معمر شخص کو ’چوٹی کاٹنے والا‘ سمجھ کر ہلاک کردیا ہے۔ وادی میں چوٹی کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ان واقعات کے خلاف عوام میں بڑھتی ہوئی ناراضگی کے پیش نظر انتظامیہ نے جمعہ کو وادی بھر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادیں۔
اس کے علاوہ ریلوے حکام نے سول و پولیس انتظامیہ کی ایڈوائزری پر وادی میں جمعہ کو دن کے ایک بجے ریل خدمات معطل کردیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی میں جمعہ کو خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے تین نئے واقعات سامنے آئے ہیں جن کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنوبی ضلع اننت ناگ میں لوگوں نے ایک 70 سالہ معمر شخص کو غلطی سے ’چوٹی کاٹنے والا‘ سمجھ کر ہلاک کردیا ہے۔ یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو پیش آیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ’اننت ناگ کے ڈانٹر نامی گاؤں میں لوگوں نے 70 سالہ بزرگ شخص پر یہ سمجھ کر اینٹ سے حملہ کیاکہ وہ چوٹی کاٹنے والا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ وانی کو پہلے ضلع اسپتال اننت ناگ اور بعدازاں تشویشناک حالت میں شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ وادی میں حالیہ دنوں میں کسی فرد کو غلطی سے ’چوٹی کاٹنے والا‘ سمجھ کر تشدد کا نشانہ بنانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Mistaken for braid chopper70 year old killed in anantnag in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News
Tags:

Leave a Reply