میڈیا کشمیری نوجوانوں کو بدنام کرنا بندکرے:محبوبہ مفتی

سری نگر: قومی ذرائع ابلاغ پر اس بات کے لئے زور دیتے ہوئے کہ کشمیری عوام کی شبیہ خراب نہ کی جائے ، وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بہت تھوڑے سے لوگ پتھر پھینکتے ہیں جبکہ نوجوانوں کی اکثریت قومی سطح پر ایک سے زیادہ تقابلی امتحانات میں اپنی صلاحیتیں ثابت کررہے ہیں۔ محترمہ مفتی نے کہا کہ ”میں قومی الیکٹرونک میڈیا سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ ٹی وی چینلوں پر ایسے مکالمے پیش نہ کریں جن سے ملک کے باقی حصوں میں کشمیری عوام کے خلاف نفرت پھیلے۔ وہ سول سکریٹریٹ میں نامہ نگاروں سے مخاطب تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ وادی میں ہر نوجوان کے ہاتھ میں پتھر ہے۔
” اگر ایسا ہوتا تو ہمارے طالب علم قومی سطح پر مختلف تقابلی امتحانات میں اچھی کارکردگی پیش نہیں کرپاتے“۔ محترمہ مفتی نے کہا کہ باقی ملک میں وادی کی غلط شبیہ کی وجہ سے سیاحوں کی آمد پر منفی اثر پڑا ہے۔”سیاحت کی صنعت سے ہزاروں لوگ وابستہ ہیں اور وادی کی خراب شبیہ سامنے لانے کی وجہ سے سیاحوں کی آمد میں کمی آئی ہے جس کا اس صنعت سے وابستہ افراد کی روزی روٹی پر بہت برا اثر پڑا ہے“۔ وزیراعلی نے کہا کہ ”جموں و کشمیر ہندستان کی روح اور تاج ہے“ اور اس ریاست کے لوگوں کا حق صرف جموں کشمیر تک محدود نہیں بلکہ ملک کے دوسرے حصوں پر بھی ہے۔

Title: mehbooba asked media to desist from portraying all kashmiri youths as stone pelters | In Category: کشمیر  ( kashmir )

Leave a Reply