بڈگام ہلاکتوں کے خلاف وادی کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی

سری نگر:وادی کشمیر میں بدھ کے روز علیحدگی پسند قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے ہڑتال کی کال وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے دربگ چاڈورہ میں منگل کو ہونے والی 3 شہری ہلاکتوں کے خلاف دی تھی۔ ایک پولیس عہدیدار نے معروف خبر رساں ایجنسی یو این آئی کو بتایا کہ اگرچہ وادی کے کسی بھی حصے میں پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، تاہم امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ہڑتال کی کال پر وادی بھر میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم کچھ ایک سڑکوں پر اکا دکا نجی و چھوٹی مسافر گاڑیاں چلتی ہوئی نظر آئیں۔
سرکاری دفاتر، بینکوں اور مالیاتی اداروں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا جبکہ بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے۔ وسطی کشمیر کے چاڈورہ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق پورے قصبے میں بدھ کو مکمل ہڑتال رہی جس کے دوران دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہیں۔ رپورٹ کے مطابق چاڈورہ کے علاوہ بڈگام، چرار شریف، بیروہ اور خانصاحب قصبوں میں بھی مکمل ہڑتال رہی۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع بڈگام بالخصوص چاڈورہ میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ادھر دارالحکومت سری نگر کے سیول لائنز بشمول جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے گڑھ مانے جانے والے مائسمہ علاقہ میں تجارتی اور دیگر سرگرمیاں اورسڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر رہی۔
تاریخی لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، گونی کھن، ریذیڈنسی روڑ، مولانا آزاد روڑ، بتہ مالو، اقبال پارک، ڈلگیٹ، ریگل چوک اور بڈشاہ چوک میں بھی تمام دکانیں بند رہیں۔ ایسی ہی صورتحال بالائی شہر کے علاقوں میں بھی نظر آئی۔ دوسری جانب جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع میں تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ رہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ بارہمولہ سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کشمیر کے تمام قصبہ جات اور تحصیل ہیدکوارٹروں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج متاثر رہا جبکہ تعلیمی ادارے بند رہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Life hit in kashmir valley due to strike to protest badgam killings in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply