جموں و کشمیر کو دفعہ 35 اے سے محروم کرنے کی سازش کے خلاف کشمیر میں وکلا کا احتجاج

سری نگر:جموں وکشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 35 اے کے خلاف ہورہی مبینہ سازشوں کے خلاف وادی میں جمعہ کے روز وکلا بالخصوص صوبائی و ضلعی بار ایسو سی ایشنوں سے وابستہ اراکین نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔ خیال رہے کہ کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی ، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت دفعہ 35 اے کے دفاع کے لئے 23 اگست کو باضابطہ طور پر احتجاجی مہم کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں جاری کردہ احتجاجی کلینڈر میں کہا تھا ’کشمیر بار ایسوی سیشن جمعہ 25 اگست کو پرامن احتجاجی پروگرام منعقد کرے گی جبکہ اسی روز جملہ ضلعی بار ایسوی سیشن اپنے اپنے مقامات پر احتجاجی مظاہرے کریں گے‘۔ نماز جمعہ کی ادائیگی سے قبل یہاں ڈسٹرک کورٹ کمپلیکس ٹینگ پورہ میں درجنوں وکلا نے بار ایسوسی ایشن کے بینر تلے احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاجی وکلا کا کہنا تھا کہ دفعہ 35 اے کی منسوخی سنگین نتائج کا موجب بنے گی۔
جنوبی کشمیر سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق بار ایسو سی ایشن اننت ناگ کے بینر تلے متعدد وکلا نے دفعہ 35 اے کے خلاف ہورہی سازشوں کے خلاف احتجاجی مارچ نکالا۔ احتجاجی وکلاء کی قیادت بار ایسوسی ایشن اننت ناگ کے صدر ایڈوکیٹ فیاض سوداگر کررہے تھے۔ واضح رہے کہ سال 2014 میں ’وی دی سٹیزنس‘نامی ایک این جی او نے سپریم کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی جس میں دفعہ 35A کو چیلنج کیا گیا۔ گذشتہ ہفتے پٹیشن پر سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے عدالت میں دفعہ35 اے کے موضوع کو حساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس پر وسیع بحث چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں حلف نامہ پیش نہیں کرنا چاہتے۔
اس کے بعد سپریم کورٹ نے دفعہ 35 اے کا معاملہ سہ رکنی بینچکو منتقل کرتے ہوئے اس کے خلاف دائر کی گئی پٹیشن کو چھ ہفتوں کے اندر نپٹانے کا حکم جاری کردیا۔ قابل ذکر ہے کہ دفعہ 35 اے غیر ریاستی شہریوں کو جموں وکشمیر میں مستقل سکونت اختیار کرنے ، غیر منقولہ جائیداد خریدنے ، سرکاری نوکریاں حاصل کرنے ، ووٹ ڈالنے کے حق اور دیگر سرکاری مراعات سے دور رکھتی ہے۔ دفعہ 35 اے دراصل دفعہ 370 کی ہی ایک ذیلی دفعہ ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ 1953 میں جموں وکشمیر کے ا±س وقت کے وزیراعظم شیخ محمد عبداللہ کی غیرآئینی معزولی کے بعد وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی سفارش پر صدارتی حکم نامے کے ذریعہ آئین میں دفعہ 35A کو بھی شامل کیا گیا، جس کی ر و سے بھارتی وفاق میں کشمیر کو ایک علیحدہ حیثیت حاصل ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Lawyers protest in kashmir capital against attempts to abrogate article 35 a in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply