یٰسین ملک ،اندرا بی سمیت علیحدگی پسند تمام لیڈروں کی گرفتاری سے ’کولگام چلوکال‘ ناکام

سری نگر: کشمیر انتظامیہ نے بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کرکے علیحدگی پسند قیادت کی طرف سے دی گئی ’کولگام چلو‘ کی کال ناکام بنادی۔ خیال رہے کہ کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے 12 فروری کو ضلع کولگام کے فرصل میں مسلح جھڑپ اور اس کے بعد احتجاجی مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے دو عام شہریوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی و ہمدردی ظاہر کرنے کے لئے آج ’کولگام چلو‘ کی کال دی تھی۔ تاہم کشمیر انتظامیہ نے اس کال کو ناکام بنانے کے لئے نہ صرف ضلع کولگام میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کردیں بلکہ علیحدگی پسند رہنماؤں کو کسی بھی احتجاجی مارچ کی قیادت کرنے سے روکنے کے لئے تھانہ یا خانہ نظربند کیا۔
جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کولگام بالخصوص فرصل کی طرف جانے والی بیشتر سڑکوں کو خاردار تار سے بند کردیا گیا ہے جبکہ ضلع میں کسی بھی احتجاجی جلوس یا ریلی کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کال کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ کولگام نے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔ کولگام کے رہائشیوں نے الزام لگایا کہ ان کے علاقوں میں تعینات سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں نے انہیں اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں بیشتر سڑکوں کو خاردار تاروں سے سیل کیا گیا ہے۔ پابندیوں کے بیچ ضلع کولگام میں بدھ کو مسلسل تیسرے دن بھی ہڑتال رہی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع بھر میں مسلسل تیسرے دن بھی دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت جزوی طور پر متاثر رہی۔ تاہم سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی روانی معمول کے مطابق جاری رہی۔ اس دوران حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق ،حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ کو بدستور اپنی رہائش گاہوں پر نظر بند رکھا گیا ہے جبکہ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) چیئرمین محمد یاسین ملک اوردختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو تھانہ رامباغ میں نظر بندکھا گیا ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Kulgam chalo malik arrested mirwaiz put under house arrest in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News
What do you think? Write Your Comment