کشمیری مسلمانوں نے امرناتھ یاتریوں کو بچانے کیلئے کرفیو کی خلاف ورزی کی

سری نگر: جنوبی کشمیر میں بدھ کے روز مقامی مسلمانوں نے کرفیو توڑتے ہوئے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ضلع اننت ناگ میں حادثے کی شکار گاڑی میں پھنسے قریب تین درجن امرناتھ یاتریوں کو بحفاظت باہر نکالا۔
سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ بدھ کی صبح قومی شاہراہ پر جنوبی کشمیر کے بج بہاڑہ میں سنگم کے قریب یاتریوں سے بھری ایک گاڑی مخالف سمت سے آنے والی گاڑی س ٹکرا گئی جس میں اترپردیش کے رہنے والے ایک یاتری پرمود کمار اور گاندربل کے رہنے والے ڈرائیور بلال احمد کی موقع پر ہی موت ہوئی۔
اس حادثہ میں 28 دیگر یاتری زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثے کی شکار گاڑی میں سوار اترپردیش کے میرٹھ شہر کے رہنے والے یاتری اجیت کمار ارورا کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے گاڑی میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے کے لئے یاتریوں اور فوجیوں سے مدد مانگی مگر کوئی سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ دیکھتے ہی دیکھتے قریب 50 کشمیری لوگ نمودار ہوئے اور بچاؤ کارروائی شروع کردی۔
کشمیریوں کی انسانیت نوازی سے متاثر ہوکر مذکورہ یاتر نے اسپتال میں نامہ نگاروں کو بتایا ’میں کہتا ہوں کہ اگر آپ لوگوں کو انسانیت سیکھنی ہے تو اِن کشمیری لوگوں سے سیکھو۔ زندگی میں، میں نے پہلی بار انسانیت دیکھی ہے‘۔
قابل ذکر ہے کہ حزب المجاہدین (ایچ ایم) کے اعلیٰ ترین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد وادی کشمیر میں پیدا شدہ کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لئے پورے جنوبی کشمیر میں 9 جولائی سے کرفیو نافذ ہے جہاں گذشتہ چار دنوں کے دوران قریب 33 شہری سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی کاروائی میں جاں بحق ہوئے۔ (یو ا ین آئی)

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Kashmiri muslims defy curfew to save amarnath yatris injured in road accident in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply