کشمیر کا باقی ملک سے خشکی رابطہ تیسرے دن بھی منقطع

سری نگر: تازہ برف باری اور بارشوں کی وجہ سے مٹی کے تودے گر نے سے وادی کشمیر کا بیرونی دنیا سے زمینی رابطہ جمعہ کو مسلسل تیسرے دن بھی منقطع رہا۔ شاہراہ کے بند ہوجانے سے وادی بھر میں اشیائے ضروریہ بالخصوص تازہ سبزیوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ وادی میں موجود اسٹاک کی قیمتیں آسمان سے بات کرنے لگی ہیں۔
اس کے علاوہ شاہراہ کے مختلف مقامات بشمول جواہر ٹنل کے اس پار قاضی گنڈ اور دوسری جانب بٹوٹ، کدھ، نگروٹہ اور ادھم پورہ میں سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں پھنسگئی ہیں۔ یہ شاہراہ 7 اور 8 مارچ کی درمیانی شب کو بارشوں کی وجہ سے مٹی کے تودے گرآنے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کی گئی تھی۔ تاہم تب سے لیکر اب تک بارشوں اور برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہنے کے سبب اس پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال نہ کی جاسکی۔
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ شاہراہ کے مختلف مقامات پر تازہ مٹی کے تودے اور پتھر گرے ہیں۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ جواہر ٹنل اور بانہال کے حصوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ گذشتہ تین دنوں سے وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ کے لئے ذمہ دار بارڈر روڑس آرگنائزیشن (بی آر او) نے مٹی کے تودوں کا ملبہ اور پتھروں کو ہٹانے کے لئے جدید مشینری اور افرادی قوت کو پہلے ہی کام پر لگادیا ہے۔
تاہم وقفہ وقفہ سے جاری برف باری اور بارشوں کے سبب شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کے کام میں مشکلیں اور اڑچنیں پیدا ہورہی ہیں۔ ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کسی بھی گاڑیوں کو آج شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر او اور مختلف مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی شاہراہ پر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Kashmir remains cut off for the third day from rest of country in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply