یوم شہدائے کشمیر مکمل ہڑتال اور عوامی جلسوں میں خراج عقیدت کے ساتھ منایا گیا

سری نگر: وادی کشمیر میں جمعرات کو کرفیو جیسی پابندیوں، سخت حفاظتی انتظامات، مکمل ہڑتال اور علیحدگی پسند رہنماؤں کی نظربندی کے بیچ 13 جولائی 1931 کے ’شہدائے کشمیر‘ کی یاد میں ’یوم شہداء‘ منایا گیا۔ خیال رہے کہ کشمیری عوام کے لئے حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہان سید علی گیلانی و میرواعظ مولوی عمر فاروق اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے 4 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے سلسلے میں ایک ہفتے تک جاری رہنے والا احتجاجی پروگرام جاری کرتے ہوئے 13 جولائی کو 1931 کے شہدائے کشمیر کی یاد میں مکمل ہڑتال اور مزار شہدا نقشبند صاحب چلو کی کال دی تھی۔
انہوں نے احتجاجی پروگرام میں کہا تھا کہ 13کو جولائی 1931کے شہداکے حق میں مکمل ہڑتال ہوگی اور مزار شہدا نقشبند صاحب پر بعد نمازِ ظہر ایک جلسہ خراج عقیدت منعقد ہوگا اور اس جلسہ میں شرکت کی غرض سے مسٹر گیلانی حیدرپورہ سے، میر واعظ مرکزی جامع سری نگر سے اور یاسین ملک مائسمہ لالچوک سے عوامی جلسوں کی قیادت کریں گے‘۔ شہدائے کشمیر کی یاد میں وادی کے سبھی دس اضلاع میں جمعرات کو مکمل ہڑتال کی گئی جس کی وجہ سے نظام زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔ جمعرات کی صبح ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، پی ڈی پی سے وابستہ بیشتر وزرا اور دوسری مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے مزار شہدا واقع خواجہ نقشبند صاحب پر حاضری دیکر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تاہم ریاست کی مخلوط حکومت میں شامل بی جے پی جماعت کے کسی بھی لیڈر نے مزار شہدا پر حاضری نہیں دی۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Kashmir observes youm e shuhada in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply