مظفر وانی کی پہلی برسی پر کشمیر میں سخت حفاظتی بندوبست،ترال رخی تمام راستوں کی ناکہ بندی

سری نگر:سیکورٹی فورسز نے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے پیش نظر ان کے آبائی قصبہ ترال کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو سیل کردیا ہے۔ قصبے میں قریب دو درجن افراد کو گرفتاربھی کیا گیا ہے۔ کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے برہان وانی کی پہلی برسی کے سلسلے میں 7 سے 13 جولائی ایک ہفتے تک جاری رہنے والا احتجاجی پروگرام پہلے ہی جاری کر دیا تھا۔ پروگرام میں مختلف سرگرمیوں کا اعلان کرتے ہوئے 8 اور 13 جولائی کو مکمل اور ریاست گیر ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ علیحدگی پسند قیادت نے 8 جولائی کو ریاست گیر ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس روز یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گااور’ترال (برہان کے آبائی علاقہ) میں شہداءکی یاد میں جلسہ خراج عقیدت منعقد ہوگا جس میں جملہ قائدین شرکت کریں گے۔ اس جلسے میں 2016 میں ہلاک، زخمی، بینائی سے محروم، گھروں اور بستیوں کی توڑ پھوڑ اور مالی نقصان کی جانکاری بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ صوبہ جموں اور وادی کے تمام صدر مقامات پر بھی شہدا کے حق میں جلسے منعقد کئے جائیں گے۔
سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس نے اس پروگرام کو ناکام بنانے کے لئے قصبہ ترال کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو سیل کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ قصبہ میں امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق قصبہ ترال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں جمعہ کی صبح سے پابندیاں نافذ کی گئیں۔ پابندیوں کے سبب ترال کی سڑکیں سنسان منظر پیش کررہی ہیں۔ اسلامی تنظیم آزادی کے سربراہ عبدالصمد انقلابی کو گذشتہ شام راشٹریہ رائفلز (آر آر) نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ برہان کے گھر کی طرف پیش قدمی کررہے تھے۔ انقلابی نے یو این آئی کو بتایا ’مجھے بعدازاں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس تھانے میں 20 سے زیادہ افراد مقید کئے گئے ہیں‘۔ دوسری جانب وادی میں ان دنوں یہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ جنگجو تنظیموں کی طرف سے 8 جولائی کو برہان وانی کے آبائی علاقہ ترال میں جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت کے لئے ایک بھرتی ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ تاہم سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ایک نیوز رپورٹ کے مطابق کے مطابق بھرتی مہم کا انعقاد حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر ذاکر موسیٰ کرنے جارہے ہیں ۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Jk wani death anniversary lockdown in the valley in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply