محبوبہ مفتی حکومت نے جموں اور سری نگر کے لیے علیحدہ ترقیاتی منصوبہ کا اعلان کیا

سری نگر:جموں وکشمیر کے دونوں دارالخلافہ سری نگر اور جموںکے ترقیاتی منظرنامے میں بدلاؤ لانے پر مرکوز اہم فیصلے کے تحت حکومت نے دونوں شہروں کو ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ پلان سے الگ کر کے کیپٹل سٹی ڈیولپمنٹ پلان ( سی سی ڈی پی) کے عنوان سے ایک علیحدہ منصوبہ کو منظور ی دے دی ۔
یہ اہم فیصلہ پیر کو یہاں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں ضلع ترقیاتی بورڈ سری نگر کی میٹنگ میں لیا گیا۔ منصوبے کے مطابق سری نگر میونسپل کارپوریشن ، سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، لاوڈا،کنٹونمنٹ بورڈ اور گرمائی دارالخلافہ کی ترقی پر مرکوز دیگر بیرونی معاونت والے پروجیکٹوں کو ضلع پلان کے تحت فنڈنگ سے الگ کیا جائے گا اور ایک آزادانہ میکانزم کے تحت مخصوص وسائل فراہم کئے جائیں گے۔
فی الوقت اس پلان کی سربراہی صوبائی کمشنر کشمیر کریں گے اور بعد میں میونسپل انتخابات کے بعد شہر کے منتخب میئر اس کے سربراہ ہوں گے۔ یہ فیصلہ شہر کے ترقیاتی منظرنامے میں جدت پیدا کرنے اور بڑھتی آبادی کے مد نظر سماجی و اقتصادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے لیا گیا ہے۔ اس قدم سے شہر کی ترقی کو ضلع انتظامیہ سے الگ کیا جائے اور اس طرح پروجیکٹوں کی تکمیل پر وقت بچاتے ہوئے عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ اسی طرح کا ایک کیپٹل سٹی پلان جموں شہر کے لئے ترتیب دیا جائے گا۔
میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو، وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری، تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر،مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش ، ارکان قانون سازیہ علی محمدساگر، مبارک گل ،شمیم فردوس،جاوید مصطفی میر ، عابد انصاری ، محمد اشرف میر ، نور محمد ،اشفار جبار، انجم فاضلی اور خورشید عالم بھی موجود تھے۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سری نگر شہر کو وارانسی کے بعد ملک کا ایک قدیم شہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر شہر کو کلچر ، تاریخ اور ہیر ٹیج کے ساتھ معقول بلندیوں تک لے جانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے ورکنگ سیزن کا معقول استعمال کر کے گزشتہ برس ہوئے وقت کے زیاں کا ازالہ کیا جاسکے گا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Jk govt announces separate development plan for twin capitals in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply