سری نگر میں محبوبہ مفتی کے جلسہ میں خواتین نے آزادی کے حق میں نعرے بلند کیے

سری نگر: جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو منگل کے روز اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب دارالحکومت سری نگر میں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس (ایس کے آئی سی سی) میں ایک تقریب میں شرکت کرنے والی خواتین نے نہ صرف کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے بلکہ فرنیچر و اسٹیج کی توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر نے ایس کے آئی سی سی میں پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’جب محبوبہ مفتی کی نابود ساکھ کو بحال کرنے کے لئے حکومتی مشینری کا استعمال کیا جائے گا تو نتیجہ اور کیا ہوسکتا ہے‘۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر اسٹیٹ رورل لیولی ہوڈس مشن (جے کے ایس آر ایل ایم) کی جانب سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں شرکت کے لئے وادی کے مختلف حصوں سے سینکڑوں خواتین کو ایس کے آئی سی سی لایا گیا۔ .اس تقریب میں محترمہ مفتی جے کے ایس آر ایم ایل کے تحت کام کررہے ’سیلف ہیلپ گروپوں‘ سے وابستہ خواتین سے بات چیت کرنے والی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق بعض خواتین نے تقریب شروع ہونے سے قبل ہی ایس کے آئی سی سی میں یہ کہتے ہوئے داخل ہونے سے انکار کیا کہ انہیں دھوکے سے وہاں لایا گیا۔ تاہم منتظمین ناراض خواتین کو تقریب میں شرکت کے لئے قائل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
رپورٹوں کے مطابق جب محترمہ مفتی اسٹیج پر آگئیں اور سیلف ہیلپ گروپوں کی کامیابی کی کہانیاں سننے لگیں تو بعض خواتین نے اپنی جگہوںپر کھڑے ہو کر کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے بازی شروع کردی۔ اس کے بعد تقریب کی دیگر شرکاء خواتین نے بھی نعرے بازی شروع کی جس کے نتیجے میں وہاں افراتفری پھیل گئی۔ جب صورتحال مزید بدتر ہوگئی تو وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو کمپلیکس کی ایک عمارت کے اندر لے جایا گیا۔ محترمہ مفتی کو حفاظت کے ساتھ عمارت کے اندر پہنچانے کے لئے ان کے خصوصی محافظوں نے ان کے اردگرد انسانی زنجیریں بنائیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Jk cm mehbooba mufti beats hasty retreat from women shg function in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply