تین مشتبہ افراد کٹھوعہ میں ایک ٹویرا کارہائی جیک کر کے سرحدی علاقہ کی طرف فرار، الرٹ جاری

جموں:جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں تین مشتبہ افراد نے ایک مسافر ٹیکسی کو ہائی جیک کرلیا۔ ہائی جیکنگ کے اس واقعہ کے بعد ضلع کٹھوعہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کٹھوعہ پون پریہار نے یو این آئی کو ہائی جیکنگ کے اس واقعہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ’تین مشتبہ افراد نے گذشتہ رات جموں کے بی سی روڑ پر ایک ٹویرا گاڑی کرایہ پر لی۔ رات ڈیڑھ بجے کے قریب ان مشتبہ افراد نے ضلع کٹھوعہ میں جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ کے چڑوال علاقہ میں اس گاڑی کو اس کے ڈرائیور سے چھین لیا‘۔
انہوں نے بتایا ’مشتبہ افراد کا تاحال کوئی اتہ پتہ نہیں چلا ہے، تاہم پولیس نے انہیں ڈھونڈنے کا کام شروع کردیا ہے‘۔.ایس ایس پی نے بتایا کہ ہائی جیکنگ کے اس واقعہ کے پیش نظر جہاں پورے ضلع کٹھوعہ میں سیکورٹی کی گشت بڑھا دی گئی ہے، وہیں الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ یہ گذشتہ ایک ماہ کے دوران جموں وکشمیر کی کسی شاہراہ پر ہائی جیکنگ کا چوتھا واقعہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی کی ہائی جیکنگ کے مرتکب افراد نے ڈرائیور سے پیسے اور موبائیل فون بھی چھین لیا ہے۔ پولیس نے بتایا ’ ہم حقائق کا پتہ لگانے کے لئے مختلف تھیوریوں پر کام کررہے ہیں‘۔ انہوں نے بتایا ’یہ ایک سفید رنگ کی ٹویرا گاڑی ہے جس کا رجسٹریشن نمبر JK12-8355 ہے‘۔
پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور کبیر حسین ساکنہ بگوارا راجوری نے نذدیکی پولیس پوسٹ پر جاکر اس واقعہ کی تمام روداد ریکارڈ کروائی ہے۔ پولیس نے بتایا ’یا تو یہ منشیات کے عادی افرادی کی کارستانی یا لٹیروں کا کارنامہ ہوسکتا ہے۔ تاہم عسکریت پسندی کے کنکشن کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا ہے‘۔ قابل ذکر ہے کہ اس قومی شاہراہ سے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد محض 30 سے 35 کلو میٹر دور ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Jammu high alert in kathua after 3 men hijack car flee towards border areas in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News
Tags: ,

Leave a Reply