سری نگر: شہر کے ایک سینیئر پولس افسر کے مطابق یوم جمہوریہ سے قبل جموں و کشمیر پولس نے جیش محمد کے ایک گروہ کا سراغ لگا کر اس کے ان پانچ سرگرم کارکنوں کو گرفتار کر لیا جو شہر میں دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں میں ملوث تھے۔

سینٹرل کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ودھی کمار برڈھی نے ایک پریس کانفرنس کر کےاس میں بتایا کہ گرفتار کیے گئے پانچوں انتہاپسندوں سے دوران تحقیقات حاصل معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے پولس نے بتائے گئے مقامات پر چھاپے مار کر بارودی چھڑیں، دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، اسلحہ ،خود کش جیکٹوں، بیٹریوں اور نٹرک ایسڈ کی بوتلوں سمیت قابل اعتراض اشیاءکا ایک بڑا ذخیرہ بر آمد کیا۔

سنسنی خیز دہشت گردانہ حملے اور آئی ای ڈی دھماکوں کی سازش تیار کرنے میں مصروف ان پانچوں دہشت گردوں کی گرفتاری دو مرحلوں میں عمل میں آئی۔گرفتاریوں کی تفصیل بتاتے ہوئے بردھی نے کہا کہ 8جنوری کو شہر کے سورا علاقہ میں ہباک چوراہے کے قریب ایک گرینیڈ دھماکے میں کچھ غیر فوجی زخمی ہو گئے تھے۔

پولس نے اس واردات کے بعد تحقیقات کی اور اعجاز احمد شیخ ،جو پیش شے ڈرائیور ہے، اورایک خوانچہ لگانے والے عمر حمید شیخ نام کے دو مشتبہ گرفتار کر لیے ۔یہ دونوں حضرت بل کے رہائشی تھے۔ تفتیش کے دوران انہوں نے اس جرم میں اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا اور گذشتہ سال26نومبر کو حضرت بل علاقہ میں کشمیر یونیورسٹی کے قریب اسیقسم کے ایک حملہ کا سراغ دیا۔

جس کے بعد پولس نے اور بھی چھاپے مارے جس میں ایک اسپورٹس سامان کی دکان کا مالک امتیاز احمد چکلا عرف عمران، ایک نجی کمپنی کا ملازم ساحل فاروق گوجری اور ایک تاجر نصیر میر کو گرفتار کر لیا گیا۔یہ تینوں بھی حضرت بل کے ہی رہائشی تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *