کشمیر میں عورتوں کی چوٹی کاٹنے کے بڑھتے واقعات کے بعدموبائیل انٹرنیٹ سروس بند

سری نگر:(یو ا ین آئی) وادی کشمیر میں نامعلوم افراد کی جانب سے خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں احتیاطی اقدامات کے طور پر موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کا قدم کسی بھی طرح کی افواہ بازی کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، پلوامہ، کولگام اور شوپیان میں انٹرنیٹ خدمات گذشتہ نصف شب کو کلی طور پر منقطع کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ تیز رفتار والی فور جی اور تھری جی موبائیل انٹرنیٹ خدمات تین روز قبل یعنی 30 ستمبر کو ہی منقطع کی گئی تھیں۔ جنوبی کشمیر کے اضلاع میں جہاں ستمبر کے مہینے میں چوٹی کاٹنے کے کم از کم تین درجن واقعات سامنے آئے، وہیں ان واقعات کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کا اقدام افواہ بازی کے ساتھ ساتھ غیرضروری خوف و ہراس کی لہر کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔
جنوبی کشمیر کے اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کی وجہ سے پیشہ ور افراد اور طالب علموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس دوران وسطی ضلع بڈگام کے ماگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ لوگوں نے ملہ بوچھن نامی گاؤں سے ماگام چوک تک ریلی نکال کر ایسے واقعات میں ملوث لوگوں کو فوری طور پر بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Internet and mobile service suspend in kashmir due to hair chopping of women in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply