میڈیا مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے حکومت ہند پر دباؤ ڈالے: میر واعظ عمر فاروق

سری نگر:حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے کہا ہے کہ ’کشمیر ایک ایسا مسئلہ ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوں سے اس پورے خطے کے امن اور استحکام کو یرغمال بنا کررکھا ہے‘۔ میرواعظ نے اس کا اظہار سرکردہ دانشور اور سماجی کارکن کمل مرار کا اورمعروف اخبار ’چوتھی دنیا‘ کے چیف ایڈیٹر سنتوش بھارتیہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا ہے۔
کمل مرارکا اور سنتوش بھارتیہ نے پیر کے روز یہاں میرواعظ کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر طویل ملاقات کی ہے۔ حریت کانفرنس کے ایک ترجمان نے کہا کہ کم از کم ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران میرواعظ نے مہمانوں کو کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور گزشتہ کئی ماہ کے دوران پیش آئے مبینہ سنگین حالات و واقعات ،بدترین ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ہوئے جان و مال کے زیاں سے ان کو آگاہ کیا۔
میرواعظ نے کہا ہے کہ کشمیر کی موجودہ زمینی صورتحال کے حوالے سے حکومتی سطح پر جو غلط تصویر بھارتی عوام کے سامنے پیش کی جارہی ہے یہ ہندوستان کی سول سوسائٹی ، دانشور حضرات اور ذمہ دار ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہاں کی حقیقی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر سے بھارت کے عوام کو آگاہ کریں اور ان پر زور دیں کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لئے حکومت ہندوستان پر دباؤ ڈالیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ بھارت کے ذرائع ابلاغ سے وابستہ چند ادارے صرف حکومتی نقطہ نظر کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہے ہیں جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کشمیر ایک مسئلہ ہے جس نے گزشتہ سات دہائیوں سے اس پورے خطے کے امن اور استحکام کو یرغمال بنا کررکھا ہے۔ میرواعظ نے کہا ہے کہ ہم کسی قوم یا ملک کے خلاف نہیں بلکہ ہم اپنے پیدائشی حق کے لئے ایک پر امن جدوجہد میں مصروف ہیں جس کو نہ صرف ہندوستان نے بلکہ بین الاقوامی برادری نے بھی اصولاً تسلیم کررکھا ہے لیکن یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ بھارت کشمیر میں صرف طاقت کی بولی بولنے پر یقین رکھتا ہے اور مسئلہ کشمیر کے اصل حقائق سے چشم پوشی کرکے یہاں کے عوام کو بزور طاقت دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
حریت ترجمان نے کہا کہ ملاقات کے دوران مہمانوں نے حریت چیرمین کو یقین دلایا کہ کشمیری عوام کی بے پناہ جانی و مالی قربانیوں اور مسئلہ کشمیر کی سنگینی کے پیش نظر کشمیری عوام کے جذبات اور احساسات کی قدر کی جانی چاہئے ، طاقت اور تشدد سے گریز کرتے ہوئے اس مسئلہ کو ایک بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے تاکہ اس خطے کے امن کو لاحق خطرات سے نجات دلائی جاسکے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Indian civil society group meets mirwaiz in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply