کشمیر کے اننت ناگ میں حزب المجاہدین کا انتہا پسند گرفتار

Hizbul Mujahideen militant arrested in south Kashmir's Anantnag
سری نگر: (یو ا ین آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بدھ کے روز حزب المجاہدین کے ایک انتہا پسندکو گرفتار کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ مصدقہ اطلاع کی بنا پر ضلع اننت ناگ کے ونپوہ بجبہاڑہ میں عادل احمد بٹ ولد غلام قادر بٹ ساکنہ جبلی پورہ بجبہاڑہ کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عادل احمد حزب المجاہدین سے وابستہ سی زمرے کا انتہاپسند تھا۔
اس دوران ریاستی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’جموں وکشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران بجبہاڑہ میں ایچ ایم کے انتہاپسند کو گرفتار کیا‘۔ ڈپٹی انسپکٹرجنرل آف پولیس جنوبی کشمیر نے ایک ٹویٹ میں گرفتار شدہ انتہا پسند کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’ایچ ایم سے وابستہ انتہاپسند کو اننت ناگ میں گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات جاری ہے‘۔ پوسٹ کی گئی تصویر میں گرفتار شدہ انتہاپسندکو ایک اے کے 47 کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔