وادی کشمیر میں شدید بارشوں و برفباری کے بعد سیلاب جیسے حالات، الرٹ جاری

سری نگر: وادی کشمیر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں سے درجنوں علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے اور اس کی معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد انتظامیہ نے بیشتر خطرے والے علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
اگرچہ دریائے جہلم ’پانی کی سطح ناپنے والے تینوں علاقوں سنگم ، رام منشی باغ اور اشم‘ میں خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی کشمیر میں واقع پہاڑوں اور ندی نالوں کا پانی اس میں داخل ہونے سے جہلم میں پانی کی سطح تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے۔ اس دوران مقامی میڈیا نے ایک سرکاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے ’مسلسل بارشوں کے سبب سنگم کے مقام پر دریائے جہلم خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہاہے۔ جنوبی اور وسطی کشمیر میں جہلم کے کناروں کے نزدیک اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ چوکنا رہے‘۔ شمالی کشمیر سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق بارہمولہ و کپواڑہ اضلاع میں فلش فلڈ کے نتیجے میں جامع مسجد دلنہ کی دیوار گر گئی جبکہ کئی اسکولوں سمیت قریب ایک درجن رہائشی مکانات و سرکاری ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔
شدید بارشوں اور برف باری کے سبب شمالی کشمیر میں سونا واری اور وسطی کشمیر میں سونا مرگ جانے والی سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہوگئی ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہمدانیہ کالونی بمنہ میں واقع امام حسین اسپتال کی پہلی منزل میں اس کے نزدیک بہنے والی فلڈ چینل کا پانی داخل ہوگیا ہے، جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے مریضوں کو دوسری منزل پر منتقل کردیا ہے۔ امام حسین اسپتال کے علاوہ فلڈ چینل کا پانی کئی ایک رہائشی مکانوں کے اندر بھی داخل ہوگیا ہے۔ شدید بارشوں کے سبب سری نگر کے درجنوں علاقوں بالخصوص سیول لائنز کی سڑکوں پر قریب ایک فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ان سڑکوں پر لوگوں کا عبور ومرور مشکل بن گیا ہے۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق نالہ سکھ ناگ میں شگاف پڑنے کے نتیجے میں متعدد دیہات بشمول بٹہ پورہ، حبک اور آستان پورہ زیر آب آگئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی اور شمالی کشمیر میں بہنے والے ندی نالوں بشمول نالہ ویشو، نالہ مدو متی، نالہ ارن اور نالہ فیروز پورہ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ان ندی نالوں کے نذدیک رہائش پذیر لوگوں کو احتیاط برتنے یا محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Heavy rains snowfall triggers flood like situation in jammu and kashmir in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News
Tags: ,

Leave a Reply