وادی کشمیر اور لداخ میں گورو نانک دیو جی کا 548 واں جنم دن جوش و خروش سے منایا گیا

وادی کشمیر اور لداخ میں گورو نانک دیو جی کا 548 واں جنم دن جوش و خروش سے منایا گیا
سری نگر:وادی کشمیر اور خطہ لداخ میں پیر کو سکھ مذہب کے ’بانی‘ گورونانک دیو جی کا 548 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیاجہاں کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اس مذہبی تہوار کے پیش نظر پہلے سے جاری کردہ احتجاجی کلینڈر میں ترمیم کرتے ہوئے ’تاریخی لال چوک چلو‘ کی کال واپس لی۔
جموں وکشمیر ریاست کے گورنر این این ووہرا، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گورو نانک دیو جی کے جنم دن پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس موقع پر ریاست کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی ہے۔
خیال رہے کہ کشمیری علیحدگی پسند قیادت نے اپنے ہفتہ وار احتجاجی کلینڈر میں پیر کے لئے ’تاریخی لال چوک چلو‘ کی کال دی تھی، تاہم کل جماعتی سکھ کوآرڈنیشن کمیٹی کے چیئرمین جگ موہن سنگھ ریناکی اپیل کے بعد علیحدگی پسند قیادت نے ’چلو‘ کی کال واپس لی۔
کشمیر میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے ساتھ شروع ہوئی ہڑتال پیر کو 129 ویں دن میں داخل ہوگئی۔ کڑاکے کی سردی کے باوجود پیر کی صبح سے ہی نئے نئے ملبوسات زیب تن کیے سکھوںکا گودواروں اور دوسری مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔