کشمیر میں ایشیا کا سب سے بڑا باغ گل لالہ یکم اپریل کو سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا

سری نگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سیاحوں کی تفریح کے مرکز شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں اور دلکش زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن (باغ گل لالہ ) کو ہفتہ کے روز(یکم اپریل کو) سیاحوں اور عام لوگوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ باغ گل لالہ کی سیر کا ارادہ رکھنے والوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ امسال اس انتہائی خوبصورت باغ میں ’بہارِ کشمیر‘ کے تحت ایک 15 روزہ ’گل لالہ فیسٹول‘کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں مختلف نوعیت کے رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوں گے۔
محکمہ پھولبانی کے ڈائریکٹر ایم حسین میر نے یو این آئی کو بتایا کہ یکم اپریل کو سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھولے جانے والے باغ گل لالہ میں امسال 48 اقسام کے 15 لاکھ گل لالہ اگائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ باغ سیاحوں کی سیر وتفریح کے لئے قریب ایک ماہ تک کھلا رکھا جائے گا۔ مسٹر حسین نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ امسال ملکی اور غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد ایشیا کے اس سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کے لئے آئیں گے۔ انہوں نے بتایا ’امسال سیاحوں کی سیر کو مزید مزیدار اور یادگار بنانے کے لئے باغ گل لالہ میں بہار کشمیر کے تحت ایک 15 روزہ گل لالہ فیسٹول کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے دوران مختلف نوعیت کے رنگارنگ پروگرام منعقد ہوں گے‘۔
سیاحت و پھولبانی کے سکریٹری فاروق احمد شاہ نے باغ گل لالہ میں منعقد ہونے والے 15 روزہ فیسٹول کے پروگراموں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ’اس فیسٹول کے دوران وادی کی دستکاری مصنوعات اور پکوانوں پر سٹال لگائے جائیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ اس فیسٹول کے حاشیہ پر ایک عالمی مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں اردو کے معروف شعراءشرکت کریں گے اور یہ مشاعرہ اپنی نوعیت کا پہلا مشاعرہ ہوگا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Gul e lala garden to be thrown open from april 1 in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply