وادی کشمیر میں اب جی ایس ٹی مخالف مظاہرے، تاجروں کی گرفتاری کے خلاف ہڑتال ،کرفیونافذ

سری نگر:وادی کشمیر جو آئے روز ہڑتالوں ، بند اور احتجاجی مظاہروں کے باعث ایک عالم میں مشہور ہے ایکبار پھر ہڑتال کی زد میں ہے۔اس بار یہ ہڑتال ان تاجروں کی رہائی کے مطالبہ میں ہے جنہیں اشیا وخدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے موجودہ ہیت میں نفاذ کے خلاف مظاہرے و ہڑتال کرنے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بدھ کی شٹرڈاؤن ہڑتال کے باعث وادی میں کاروباری زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ ہڑتال کی کال تجارتی انجمنوں اور سول سوسائٹی گروپوں کے مشترکہ اتحاد جموں وکشمیر کارڈی نیشن کمیٹی (جے کے سی سی) نے دی تھی۔ دوسری جانب سری نگر کے پائین شہر میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں۔ یہ پابندیاں ظاہری طور پر حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق کی جانب سے جے کے سی سی کے احتجاجی پروگرام کی حمایت کے اعلان کے پیش نظر لگائی گئی ہیں۔ سری نگر کا پائین شہر میرواعظ کا گڑھ مانا جاتا ہے۔
جے کے سی سی کی ہڑتال کال پر سری نگر میں تاجروں کی جانب سے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ تاہم وادی کے دیگر 9 اضلاع کے قصبوں اور تحصیل ہیڈکوارٹروں میں دکانیں جزوی طور پر بند رہیں۔ ادھر سری نگر کے سیول لائنز میں تمام تجارتی مراکز بشمول تاریخی لال چوک، بڈشاہ چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، مہاراجہ بازار، گونی کھن، بتہ مالو، ڈلگیٹ، مائسمہ، ریذیڈنسی روڑ، مولانا آزاد روڑ اور ریگل چوک میں تمام دکانیں بند رہیں۔ سیول لائنز میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اضافی اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ دوسری جانب پائین شہر میں کرفیو جیسی پابندیوں کے سبب بیشتر تعلیمی ادارے بند رہے۔ اس کے علاوہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی معمول کا کام کاج متاثر رہا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے پانچ پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں احتیاطی اقدامات کے طور پر دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔ تاہم انتظامیہ کے اس دعوے کے برخلاف پائین شہر کی صورتحال بالکل مختلف نظر آئی اور بدھ کی صبح پولیس گاڑیوں پر نصب لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے بار بار یہ اعلان کیا گیا کہ علاقہ میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ مقامی شہریوں نے بتایا کہ بدھ کی صبح شہریوں کو یہ کہتے ہوئے اپنے گھروں تک ہی محدود رہنے کے لئے کہا گیا کہ علاقہ میں کرفیو کا نفاذ عمل میں لایا جاچکا ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Gst in jammu and kashmir shops businesses shut in valley as strike announced in protest in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply