حریت رہنما سید علی گیلانی نے شوپیان میں ہلاک نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے شہدائے شوپیان کے جنازے کے شرکاء سے ٹیلی فونی خطاب کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ شوپیان میں سلامتی دستوں کے ساتھ جعلی تصادم کے دوران چھ نوجوانوں کاقتل قطعاًناقابل قبول ہے۔
انہوں نے شہید نوجوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی ہندوستان کے جبری تسلط کا نتیجہ ہے اور نہتے کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔
سیدعلی گیلانی نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور ا س سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے واضح کیاکہ ہم کسی بھی صورت میں خون خرابے کے قائل نہیں اور نہ ہی جنگ سے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز نے فوج کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زوردیا۔حریت چیئرمین نے واضح کیا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے پر امن حل چاہتے ہیں تاہم اس سے قبل ہندوستان کو جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرنا ہو گی۔سید علی گیلانی نے کہا کہ آج تک سو سے زائد بارہونیوالے مذاکرات کے تمام دور ہندوستان کی ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ کی وجہ سے ناکام ہو چکے ہیں۔
انھوں نے مسئلہ کشمیر کو ہندوستان و پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ قراردیا اور کہا کہ ہندوستان کو جلد یا بدیراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر وعدے شکنی کا مسئلہ ہے۔ اگر کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کر دیا جائے تو مسئلہ کشمیر خود بخود ختم ہو جائیگا۔
انہوں نے عوام کو اس تلقین کے ساتھ اپنے خطاب کا اختتام کیا کہ وہ ہرحال میں موجودہ صورتحال سے نجات حاصل کرنے کیلئے انتخابی ڈھونگ کا مکمل اور صدق دل سے بائیکاٹ کریں۔انہوں نے عوام سے کہاکہ ہمیں ان کٹھ پتلیوں سے دوری اختیار کرلینی چاہیے جو ووٹ اور سپورٹ کی سیڑھی سے چڑھ کر کر ہمارے ہی خلاف بندوقوں کے دہانے کھول رہے ہیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: geelani aasiya pay tributes to slain saima of shopian in Urdu | In Category: کشمیر  ( kashmir ) Urdu News

Leave a Reply