جموں و کشمیر میں 26 جنوری کیلئے نہایت سخت حفاظتی بندوبست، منگل کو فل ڈریس ریہرسل کی گئی

سری نگر:سخت ترین حفاظتی حصار اور برستی برف کے بیچ منگل کو یوم جمہوریہ کی تقریب کے سلسلے میں کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ وادی کے دوسرے حصوں میں بھی سخت سیکورٹی انتظامات اور برستی برف میں یوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل تقریبات کا انعقاد عمل میں آیا ہے۔ بخشی اسٹیدیم میں فل ڈریس ریہرسل کے موقعہ پر ڈویڑنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور پریڈ کی سلامی لی۔
سخت سردی اور برستی برف کے باوجود مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ مرکزی نیم فوجی دستوں، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈ اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ فل ڈریس ریہرسل کی اس تقریب میں فنکاروں اور طالب علموں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ یوم جمہوریہ کی ریہرسل تقریبات کے دوران سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم اور دیگر اضلاع میں واقع اسٹیڈیموں کے اندر و باہر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اضافی اہلکاروں کو تعینات کر رکھا گیا تھا۔ دریں اثنا پوری ریاست میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے محفوظ انعقاد کے لئے سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ گذشتہ برس جنگجویانہ حملوں خاص طور پر فدائین حملوں میں آنے والی شدت کے پیش نظر ریاست بھر میں تعینات سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Full dress rehearsal for republic day held across the jk state in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply