کشمیر سے 340عازمین حج کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ روانہ

سری نگر:کشمیری عازمین حج کا پہلا قافلہ بدھ کی صبح سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے براہ راست پرواز کے ذریعے مقدس سرزمین مدینہ منورہ روانہ ہوگیا۔ مدینہ منورہ روانگی کے موقع پر بیشتر عازمین جذباتی نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے گھر ’خانہ کعبہ‘ میں مسئلہ کشمیر کے دائمی حل ، وادی میں امن وامان کی بحالی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کریں گے۔
وادی میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والی احتجاجی لہر میں تاحال 57 عام شہری ہلاک جبکہ 4 ہزار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاستی پولیس کے دو اہلکار ہلاک جبکہ جموں وکشمیر اور مختلف دیگر حفاظتی دستوں کے 3500 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 340عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ ائر انڈیا پرواز کے ذریعے مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگیا۔ پہلی پرواز کے ذریعے روانہ ہونے والے عازمین میں سے سب سے زیادہ 238 کا تعلق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تھا۔
عازمین حج کے پہلے قافلے کو ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی حج و اوقاف کے وزیر سید فاروق اندرابی اور انتطامیہ کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں رخصت کیا۔وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی نے عازمین حج سے اللہ کے گھر میں ریاست جموں وکشمیر کے امن اورترقی کیے لئے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں رواں سال 32 ہزار عازمین نے حج کے لئے درخواستیں دی تھیں اور مختلف زمروں کے تحت 6457 عازمین کو منتخب کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 10 اگست سے 19 اگست تک سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے مدینہ منورہ تک پروازیں اڑان بھریں گی۔ انہوں نے بتایاہر روز 2 پروازیں صبح 9 بجے اور دوپہر ڈھائی بجے اڑان بھریں گی اور ہر پرواز میں 340 عازمین سفر کریں گے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سعودی ریال حاصل کرنے کے جموں کشمیر بینک ، ایس بی آئی اور ایچ ڈی ایف سی بنک کی طرف سے اضافی خصوصی کاؤنٹر بھی قایم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست میں عازمین کے لئے حج تربیتی پروگرام دو مرحلوں کے تحت پورا کیا گیا ہے جبکہ تمام عازمین کو لازمی ٹیکے بھی لگوائے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حج ہاوس میں دور دراز کے علاقوں سے آنے والے عازمین کے ٹھہرنے کے لئے تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ20 ایس آر ٹی سی بسوں کو عازمین کو سری نگر ائیرپورٹ تک لے جانے کے لئے کام پر لگادیا گیا ہے جبکہ ایس آر ٹی سی بسیں ہر ضلع ہیڈ کوارٹر پر عازمین کو حج ہاوس تک پہنچانے کے لئے دستیاب رکھی جارہی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں صوبے کے عازمین کو لانے اور لے جانے کے لئے بھی ایس آر ٹی سی کی طرف سے ٹرانسپورٹ کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: First batch of 340 pilgrims from jk leave for haj in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply