علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش پر فاروق عبداللہ کا شاعر مشرق کو زبردست خراج عقیدت

سری نگر:نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شاعر مشرق سر محمد اقبالؒ کے یوم پیدایش پر اپنے خراج عقیدت پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنے فلسفہ حیات ، علمی بصیرت اور جذبہ حب ا لوطنی سے برصغیر کے عوام میں بیداری کی لہر پیدا کردی تھی، جس کے نتیجے میں سارا برصغیر آزادی کی نعمت سے مالا مال ہوگیا۔
انہوں نے فلسفی شاعر کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں کشمیر کا مایہ ناز سپوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی سیاست کے ساتھ علامہ اقبال کی گہری دلچسپی تھی اور شیخ عبداللہ مرحوم نہ صرف شاعر مشرق کے فلسفہ خودی سے متاثر تھے بلکہ مفلوک الحال اور مظلوم کشمیریوں کے تئیں ان کے جذبات سے بھی آگاہ تھے۔
فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ کشمیر کے لوگ خاص طور سے علامہ کے تئیں جذبہ عقیدت رکھتے ہیں اور اِس عظیم شاعر کے خیالات سے بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے برصغیر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یوم پیدایش کے اِس موقعہ پر برصغیر کے سارے خطے کو امن آشتی کا گہوارہ بنانے کا عزم کریں، تاکہ یہاں کے لوگوں کو احساس محرومی سے نجات دی جاسکے۔
پارٹی کے کارگذار صدرعمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اہل کشمیر کو اِس بات پر فخر ہے کہ حضرت علامہ اقبال ؒ کے آباہ واجداد سرزمین کشمیر کے ہی عظیم سپوت تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے ہمیشہ عوامی اجتماعات میں اکثر وبیشتر شاعر مشرق کے کلام سے لاکھوں لوگوں کے دلوں کو سکون بخشا تھا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Farooq abdullah pays tribute to allama iqbal in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply