کشمیر میں کرفیو میں زبردست سختی سے ’ جامع مسجد چلو‘ کال ناکام ، مساجد میں مسلسل تیسری بارنماز جمعہ نہ ہوسکی

سری نگر: کشمیر انتظامیہ نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر ، جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، شوپیان، پلوامہ اور کولگام اور شمالی کشمیر کے سوپور، بارہمولہ اور ہندواڑہ قصبہ جات میں نافذ کرفیو میں نہایت درجہ سختی کر کےعلیحدگی پسند قیادت کی ’جامع مسجد چلو‘ کال کو ناکام بنادیا۔
اس احتجاجی کال کو ناکام بنانے کے لئے وادی کے دیگر علاقوں میں دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر سختی کے ساتھ پابندی عائد کی گئی تھی۔ کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے گذشتہ روز جاری کردہ اپنے نئے احتجاجی کلینڈر میں کہا تھا کہ 29جولائی جمعة المبارک کو مکمل ہڑتال کے ساتھ ساتھ نماز جمعہ کے لیے شہر و دیہات سے عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میںسری نگر کی تاریخی اور مرکزی جامع مسجد میں جمع ہوں جہاں حالیہ مظاہروں کے دوران تمام ہلاک شدگان کو اجتماعی طور پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
تاہم کشمیر انتظامیہ نے وادی کے بیشتر علاقوں بالخصوص سری نگر اور جنوبی کشمیر میں سخت ترین کرفیو نافذ کرکے اس پروگرام کو ناکام بنادیا۔حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہان سید علی گیلانی اور میرواعظ مولوی عمر فاروق کو اس وقت ایک بار پھر حراست میں لے لیا گیا جب انہوں نے اپنی خانہ نظربندی توڑتے ہوئے تاریخی جامع مسجد کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔
جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) چیئرمین یاسین ملک 9 جولائی کی رات سے پولیس تھانہ کوٹھی باغ میں بدستور نظر بند ہیں۔ سخت ترین کرفیو کے باعث آج تاریخی جامع مسجد اور متعدد دیگر مساجد میں مسلسل تیسری دفعہ نماز جمعہ ادا نہ ہوسکی۔ تاہم جن مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی ان میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ جس میں مظاہرین نے کشمیر کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرین کاسیکور ٹی فورسز کے ساتھ تصادم بھی ہوا۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے جمعہ کی صبح شہرخاص اور ڈاون ٹاون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے دوران دیکھا کہ سیکورٹی فور سڑکوں کی ناکہ بندی اور لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کررہی ہیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Curfew restrictions imposed to foil jamia masjid chalo in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply